کیجریوال حکومت میں طلبا کی تعداد ہی نہیں گھٹی، دہلی گورنمنٹ اسکول کا ریزلٹ بھی خراب ہوا: کانگریس

اجے ماکن نے کہا کہ کسی بھی اسکول کا معیار جاننے کے لیے بورڈ امتحان کا ریزلٹ دیکھا جاتا ہے، اور کیجریوال حکومت میں دہلی کے سرکاری اسکولوں کا ریزلٹ سال در سال خراب ہی ہوتا چلا گیا۔

تصویر قومی آواز/ویپن
تصویر قومی آواز/ویپن
user

قومی آوازبیورو

کانگریس جنرل سکریٹری اور سینئر پارٹی لیڈر اجے ماکن نے دہلی کی کیجریوال حکومت میں سرکاری اسکولوں کی حالت زار سے پردہ ہٹانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کچھ ایسے گراف پیش کیے ہیں جس نے 2013 کے بعد سرکاری اسکولوں میں طلبا کی گھٹتی تعداد کے ساتھ ساتھ ان کے خراب ہوتے ریزلٹ کی طرف بھی اشارہ کیا ہے۔ منگل کی شام انھوں نے کچھ ٹوئٹس کیے ہیں جس میں ظاہر ہو رہا ہے کہ 14-2013 سے پہلے طلبا کی کارکردگی کیا تھی اور پھر 14-2013 کے بعد جب دہلی میں کیجریوال حکومت کا قیام ہوا تو حالات کیسے رہے۔

اجے ماکن نے ٹوئٹ میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ کسی بھی اسکول کا معیار جاننے کے لیے اس کے بورڈ امتحان کے ریزلٹ کو دیکھا جاتا ہے۔ گراف میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ کیجریوال حکومت میں دہلی گورنمنٹ اسکول کا ریزلٹ دھیرے دھیرے خراب ہوتا چلا گیا۔ ماکن نے بتایا کہ 14-2013 سے پہلے بارہویں بورڈ میں پاس ہونے والے سرکاری اسکول کے طلبا کی تعداد سال در سال بڑھ رہی تھی۔ لیکن جب عآپ حکومت آئی تو یہ ٹرینڈ ریورس میں یعنی الٹا دکھائی دے رہا ہے۔ کانگریس لیڈر نے یہ بھی بتایا ہے کہ 14-2013 میں دہلی گورنمنٹ اسکول کے تقریباً 1.47 لاکھ طلبا بورڈ امتحان میں پاس ہوئے تھے، اور یہ تعداد لگاتار گھٹتے ہوئے 2020 میں تقریباً 1.09 لاکھ پر پہنچ گئی۔


اجے ماکن نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ’’صبح میں جو اعداد و شمار میں نے دہلی اسکول میں طلبا کے داخلے اور پرائیویٹ اسکول میں طلبا کے داخلے سے متعلق جاری کیے تھے، اس سے بھی ثابت ہے کہ کیجریوال حکومت کا تعلیمی ماڈل پوری طرح سے ناکام ثابت ہوا ہے۔‘‘ انھوں نے بتایا کہ صبح کے اعداد و شمار سے ظاہر ہے کہ دہلی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دہلی گورنمنٹ اسکول کے مقابلے پرائیویٹ اسکول میں طلبا کے داخلے کی تعداد زیادہ دیکھنے کو ملی۔ 14-2013 میں دہلی گورنمنٹ اسکول میں طلبا کی تعداد جو 17.75 لاکھ تھی، وہ 2019 میں گھٹ کر 16.47 لاکھ تک پہنچ گئی۔ گویا کہ 1.28 لاکھ طلبا کی کمی درج کی گئی۔

پرائیویٹ اسکولوں کے تعلق سے تفصیل پیش کرتے ہوئے اجے ماکن نے صبح میں جاری اعداد و شمار میں بتایا تھا کہ 2013 میں پرائیویٹ اسکولوں میں 13.57 لاکھ طلبا پڑھ رہے تھے اور 2019 میں یہ تعداد بڑھ کر 16.61 لاکھ ہو گئی، یعنی 3.04 لاکھ طلبا کا اضافہ دیکھنے کو ملا۔ اس سے ظاہر ہے کہ دہلی گورنمنٹ اسکول کا تعلیمی معیار خراب ہوا جس کے سبب سرپرستوں نے اپنے بچوں کو پرائیویٹ اسکولوں میں ڈالنا شروع کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔