گجرات اسمبلی انتخاب میں کامیاب ہونے والے واحد مسلم امیدوار ہیں عمران کھیڑاوالا، جمالپور کھڑیا سیٹ پر لہرایا فتح کا پرچم

جمال پور کھڑیا سے کانگریس اور عآپ دونوں نے مسلم امیدوار کھڑے کیے تھے، یہاں کانگریس امیدوار عمران کھیڑاوالا نے 45.88 فیصد ووٹ حاصل کر فتح کا پرچم لہرایا۔

کنہیا کمار کے ساتھ عمران کھیڑاوالا
کنہیا کمار کے ساتھ عمران کھیڑاوالا
user

تنویر احمد

گجرات اسمبلی انتخاب کے نتائج برآمد ہونے کے بعد اس کے تجزیہ کا دور شروع ہو چکا ہے۔ انتخابی نتائج نے حیران کرنے والا ایک انکشاف یہ کیا ہے کہ ریاست میں صرف ایک مسلم امیدوار (عمران کھیڑاوالا، کانگریس) کو کامیابی ملی ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ مسلم امیدوار کھڑے نہیں کیے گئے تھے۔ کانگریس، عآپ اور اے آئی ایم آئی ایم نے مسلم امیدواروں پر داؤ لگایا تھا۔ لیکن بی جے پی کی آندھی میں دوسری پارٹیوں کے مسلم امیدوار ہوں یا غیر مسلم، سبھی گھٹنے ٹیکتے ہوئے نظر آئے۔ 182 اسمبلی سیٹ میں سے بی جے پی نے 156 پر قبضہ کر لیا اور کانگریس کے حصے میں محض 17 اور عآپ کے حصے میں 5 سیٹیں آئیں۔ 1 سیٹ پر سماجوادی پارٹی امیدوار کو کامیابی ملی، جبکہ 3 آزاد امیدوار فتحیابی کا پرچم لہرا سکے۔

چونکہ بی جے پی نے کسی بھی مسلم امیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا تھا، اس لیے وہاں سے تو کوئی امید تھی ہی نہیں، لیکن کانگریس نے جن 6 مسلم امیدواروں کو کھڑا کیا تھا ان میں سے صرف عمران کھیڑاوالا ہی اچھی کارکردگی پیش کر سکے۔ انھوں نے بی جے پی امیدوار بھوشن بھٹ کو بڑے فرق سے ہرایا۔ عآپ نے تین مسلم امیدوار کھڑے کیے تھے اور اے آئی ایم آئی ایم نے تو کئی سیٹوں پر مسلم امیدوار کو موقع دیا تھا۔ ان میں سے کوئی بھی کامیابی کی دوڑ تک میں شامل نہیں ہو سکا۔


کانگریس نے جن 6 مسلم امیدواروں کو موقع دیا تھا وہ اسلم سائیکل والا (سورت مشرق)، محمد جاوید (وانکانیڑ)، ممد بھائی جنگ جت (ابڈاس)، سلیمان پٹیل (واگرا)، غیاث الدین شیخ (دریاپور) اور عمران کھیڑاوالا (جمالپور کھڑیا) ہیں۔ عآپ نے دریاپور سے تاج قریشی، جمبوسر سے ساجد ریحان اور جمالپور کھڑیا سے ہارون ناگوری کو ٹکٹ دیا تھا۔

آئیے اب جانتے ہیں کہ مذکورہ بالا مسلم امیدواروں کا کیا حال ہوا۔ سورت مشرق سے کانگریس امیدوار اسلم سائیکل والا نے 42.4 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ بی جے پی امیدوار اروند شانتی نے 52.45 فیصد ووٹ حاصل کر کامیابی کا پرچم لہرایا۔ وانکانیڑ سے کانگریس امیدوار محمد جاوید نے 29.92 فیصد ووٹ حاصل کی اور دوسرے نمبر پر رہا۔ اس سیٹ پر بی جے پی امیدوار جتیندر نے 39.75 فیصد ووٹ حاصل کر جیت درج کی اور عآپ امیدوار نے 26.35 فیصد ووٹ حاصل کر تیسرا مقام حاصل کیا۔ کہا جا سکتا ہے کہ یہاں عآپ نے کانگریس کو کافی نقصان پہنچایا۔ ابڈاس اسمبلی سیٹ پر کانگریس امیدوار ممد بھائی جنگ جت نے بی جے پی امیدوار جڈیجہ پردیومن سنگھ سے اچھا مقابلہ کیا۔ ممد بھائی کو 43.37 فیصد ووٹ حاصل ہوئے اور بی جے پی امیدوار کو 49.15 فیصد۔


واگرا اسمبلی سیٹ کی بات کی جائے تو یہاں کانگریس امیدوار سلیمان پٹیل نے 43.44 فیصد ووٹ کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا۔ یہاں بھی جیت بی جے پی امیدوار کو حاصل ہوئی۔ ارون سنگھ رانا نے 51.84 فیصد ووٹ حاصل کر جیت کا پرچم لہرایا۔ دریاپور اسمبلی سیٹ پر کانگریس اور عآپ دونوں نے ہی مسلم امیدوار کھڑے کیے تھے۔ کانگریس امیدوار غیاث الدین شیخ کو 44.67 فیصد ووٹ ملے اور عآپ امیدوار تاج قریشی کو 3.48 فیصد۔ بی جے پی امیدوار کوشک بھائی جین نے 49.05 فیصد ووٹ کے ساتھ جیت حاصل کی۔ جمال پور کھڑیا سے بھی کانگریس اور عآپ نے مسلم امیدوار کھڑے کیے تھے۔ یہاں کانگریس امیدوار عمران کھیڑاوالا نے اپنی مضبوط موجودگی درج کراتے ہوئے 45.88 فیصد ووٹ حاصل کیے اور فتحیاب ہوئے۔ عآپ امیدوار ہارون ناگوری کو محض 4.62 فیصد ووٹ ملے اور دوسرے مقام پر رہنے والے بی جے پی امیدوار بھوشن بھٹ کو 35.17 فیصد ووٹ حاصل ہوئے۔ جمبوسر سے عآپ نے جو مسلم امیدوار ساجد ریحان کو موقع دیا تھا، وہ محض 2.08 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔