آئی آئی ٹی کانپور کے پروفیسر ڈاکٹر مانیندر کا دعویٰ، ملک میں کورونا کے سبب صورتحال ابتر نہیں ہوگی

ڈاکٹر مانیندر نے کہا کہ ملک میں 98 فیصد لوگوں میں کووڈ کے خلاف قدرتی قوت مدافعت پیدا ہو چکی ہے۔

ڈاکٹر مانیندر / آئی اے این ایس
ڈاکٹر مانیندر / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

رانچی: آئی آئی ٹی کانپور کے پروفیسر پدم شری ڈاکٹر مانیندر اگروال نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستان میں کورونا کی وجہ سے خوف و ہراس جیسی صورتحال پیدا ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا اندازہ ریاضی کے ماڈل 'سوترا' پر مبنی ہے۔ یہ ماڈل اب تک کورونا لہروں کی پیشن گوئی میں درستگی کے قریب ترین رہا ہے۔ پروفیسر مانیندر رانچی میں انڈین میتھ میٹیکل سوسائٹی کی 88ویں سالانہ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

برلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (بی آئی ٹی)، میسرا، رانچی کے زیر اہتمام سہ روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مانیندر نے کہا کہ ملک میں 98 فیصد لوگوں میں کووڈ کے خلاف قدرتی قوت مدافعت پیدا ہو چکی ہے۔ تاہم، اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہمیں کووڈ سے متعلق اصولوں پر عمل نہیں کرنا چاہیے۔


انہوں نے کہا کہ کووڈ پروٹوکول اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ رہنما ہدایات ہمیں خطرات سے محفوظ رکھنے میں کارگر ہیں۔ ملک میں دو فیصد لوگ جو کمزور قوت مدافعت کی وجہ سے خطرے میں ہیں، ان کی وجہ سے کچھ وقت کے لیے کووڈ کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے لیکن اب تک ’سوترا ماڈل‘ کی بنیاد پر کیا گیا تجزیہ ظاہر کرتا ہے کہ ہمارے ہاں چین جیسی صورتحال نہیں ہوگی۔ چین میں انفیکشن میں تیزی سے اضافے کی وجہ یہ ہے کہ وہاں قدرتی قوت مدافعت 30 فیصد سے بھی کم ہے۔

ڈاکٹر مانیندر نے کہا کہ سوترا ماڈل ریاضی کی تفریق مساوات کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔ ریاضیاتی حساب کا نظریہ درست نتائج دیتا ہے۔ جون 2020 میں، حکومت ہند کے محکمہ سائنس اور ٹیکنالوجی نے ایک کمیٹی تشکیل دی اور کورونا کی تحقیقات اور پیشین گوئی کے لیے ایک ریاضیاتی ماڈل تیار کرنے کی پہل کی۔ اس میں ملک بھر سے 35 ماڈلز کا انتخاب کیا گیا۔


خیال رہے کہ ڈاکٹر مانیندر اس کمیٹی کا حصہ تھے جس نے ان ماڈلز کا تجزیہ کیا۔ تاہم کمیٹی کو پیش کیے گئے ماڈلز میں سے کوئی بھی مکمل طور پر درست نہیں پایا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے کمیٹی سے بات چیت کے بعد خود ایک ماڈل تیار کیا، جس کی بنیاد پر انہوں نے کہا کہ ستمبر 2020 میں کورونا اپنے عروج پر پہنچ جائے گا۔ یہ اندازہ درست ثابت ہوا۔ دوسری لہر کے بارے میں، انہوں نے فروری 2021 میں اپنے عروج پر پہنچنے کا دعویٰ کیا تھا اور وہ پیشن گوئی بھی درست ثابت ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔