’اگر منی پور میں حالات معمول پر ہیں تو پی ایم مودی نے دورہ کرنے کی ہمت کیوں نہیں دکھائی؟‘ کانگریس کا امت شاہ سے سوال
کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے یہ سوال بھی پوچھا ہے کہ وزیر اعظم نے اب تک وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ سمیت ریاستی لیڈران کے ساتھ کسی بھی طرح کی مثبت گفتگو کے لیے میٹنگ کیوں نہیں کی؟
کانگریس نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ذریعہ منی پور سے متعلق دیے گئے بیان کے بعد مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے اور سوال کیا ہے کہ اگر امت شاہ کے مطابق شمال مشرق کی اس ریاست میں حالات معمول پر ہیں تو پھر وزیر اعظم نریندر مودی اب تک وہاں جانے کی ہمت کیوں نہیں دکھا پائے؟ پارٹی جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے یہ بھی پوچھا کہ وزیر اعظم نے اب تک وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ سمیت ریاستی لیڈران کےس اتھ کسی بھی طرح کی مثبت گفتگو کے لیے میٹنگ کیوں نہیں کی؟
دراصل مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل (17 ستمبر) کو دیے گئے ایک بیان میں کہا کہ حکومت منی پور میں حالات پرامن کرنے کے لیے میتئی اور کوکی دونوں طبقات سے بات چیت کر رہی ہے اور اس نے دراندازی روکنے کے لیے میانمار سے ملحق ملک کی سرحد پر باڑ لگانا شروع کر دیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کی تیسری مدت کار کے 100 دن مکمل ہونے پر منعقد ایک پریس کانفرنس میں امت شاہ نے مذکورہ بالا بیان دیا۔ انھوں نے میڈیا کے سامنے یہ بھی کہا کہ گزشتہ ہفتہ تین دنوں کے تشدد کو چھوڑ دیا جائے تو منی پور میں حالات مجموعی طور پر امن و امان والے رہے ہیں اور حکومت بدامنی کی شکار شمال مشرق کی اس ریاست میں امن بحال کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
امت شاہ کے اسی بیان کو جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے اپنے پوسٹ میں ہدف تنقید بنایا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’اگر منی پور میں حالات آج اتنے ہی معمول پر ہیں، جتنا خود ساختہ چانکیہ نے آج بتایا ہے... اگر منی پور کے وزیر اعلیٰ اچھا کام کر رہے ہیں جیسا کہ خود ساختہ چانکیہ نے آج کہا ہے... اگر مختلف طبقات کے ساتھ بات چیت کا عمل چل رہا ہے جیسا کہ خود ساختہ چانکیہ نے دعویٰ کیا ہے...، تو نان بایولوجیکل وزیر اعظم کو منی پور جانے کا وقت کیوں نہیں ملا، یا انھوں نے وہاں جانے کی ہمت کیوں نہیں دکھائی؟‘‘
جئے رام رمیش نے اپنے پوسٹ میں کچھ دیگر سوالات بھی قائم کیے۔ مثلاً انھوں نے پوچھا کہ ’’نان بایولوجیکل وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ سمیت ریاستی لیڈران کے ساتھ کسی بھی طرح کی مثبت گفتگو کے لیے میٹنگ کیوں نہیں کی؟ وہاں کوئی کل وقتی گورنر کیوں نہیں ہے؟ اور چیف سکریٹری گزشتہ 45 دنوں سے ریاست میں کیوں نہیں ہیں؟‘‘ کانگریس جنرل سکریٹری نے یہ بھی سوال کیا کہ کئی اراکین اسمبلی اور وزیر اب ریاست میں کیوں موجود نہیں، اور امپھال میں بی جے پی کے عالیشان دفتر پر تالا کیوں لگا دیا گیا ہے؟
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔