گروگرام میں برڈ فلو سے ایک شخص کی موت، علاقے میں دہشت

گروگرام کے چکرپور گاؤں سے دہلی کے ایمس میں برڈ فلو کا پہلا معاملہ سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت اور محکمہ حیوانات حرکت میں آگئے ہیں اور احتیاط کے طور پر سروے شروع کر دیا گیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

گروگرام: گروگرام کے چکر پور گاؤں سے دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں برڈ فلو کا پہلا معاملہ سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت اور محکمہ حیوانات حرکت میں آگئے ہیں اور احتیاط کے طور پر ایک سروے شروع کر دیا گیا ہے۔ تمام پولٹری فارموں کی جانچ پڑتال کے لئے ضلع میں تقریباً 28 ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں۔ چکر پور گاؤں کے آس پاس 10 کلومیٹر کے دائرے میں سروے کیا جا رہا ہے اور لوگوں کو برڈ فلو کی علامات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر برائے حیوانات پونیتا گہلاوت نے بتایا کہ ایمس میں مرنے والا 11 سالہ بچہ گروگرام کے چکر پور گاؤں کا رہائشی تھا۔ ایمس دہلی کے ذریعہ بچے کے برڈ فلو سے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعد چکر پور گاؤں اور اس سے ملحقہ علاقوں میں فوراً سروے شروع کر دیا گیا تھا۔


انہوں نے کہا کہ "ضلع میں پولٹری فارموں کی بھی جانوروں کے محکمہ کے ذریعہ مسلسل جانچ کی جا رہی ہے۔ ضلع میں موجودہ قریب 20 پولٹری فارم ہیں۔ ان کی جانچ کے لئے ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔ چکر پور گاؤں اور آ س پاس کے 10 کلو میٹر کے دائرے میں سروے کے لئے 17 ٹیمیں الگ سے کام کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع کے سبھی پولٹری فارموں کی جانچ کے لئے 28 ٹیموں کی تشکیل دی گئی ہے۔

منجیتا ناتھ داس، کنسلٹنٹ۔ انٹرنل میڈیسن، کولمبیا ایشیاء اسپتال، پالم وہار گروگرام نے کہا کہ ایچ 5 این 1 برڈ فلو کی سب سے عام شکل ہے۔ حال ہی میں 11 سالہ بچے کی موت نے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ یہ وائرس پرندوں کے لئے مہلک ہے اور اس کے رابظہ میں آنے والے انسانوں اور دوسرے جانوروں کو آسانی سے متاثر کرسکتا ہے، فی الحال، یہ وائرس انسانی رابطوں کے ذریعہ انسانوں سے انسانوں تک پھیلانے کے لئے نہیں جانا جاتا ہے، لیکن H5N1 سے انسانوں کے لئے وبائی مرض کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ اگر آپ پرندوں سے قریبی رابطے میں ہیں یا پرندوں کا ایک جھنڈ آپ کے علاقے میں مر رہا ہے تو، براہ کرم اپنے جسم میں پیدا ہونی والی علامات کی نگرانی کریں۔


گروگرام کے ڈپٹی کمشنر یش گرگ نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بیمار یا مردہ پرندوں کی معلومات فوراً محکمہ حیوانات کو دیں۔ گرگ نے کہا، "اچھی طرح سے پکا ہوا چکن یا انڈے کھانے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے، کیونکہ ماہرین کے مطابق وائرس 70 ڈگری درجہ حرارت پر ختم ہو جاتا ہے۔ انتظامیہ نے پولٹری فارموں اور پولٹری کے کاروبار میں ملوث افراد کے لئے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔