’وہ عہدہ اور گھر لے سکتے ہیں، لیکن وائناڈ کی نمائندگی سے نہیں روک سکتے‘، وائناڈ میں راہل گاندھی کا زوردار استقبال

مقامی لوگوں نے دعویٰ کیا کہ یہ وائناڈ میں اب تک کی سب سے بڑی بھیڑ ہے، حتیٰ کہ یہ اس بھیڑ سے بھی بہت زیادہ ہے جو 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے نامزدگی داخل کرنے پہنچے راہل کے لیے امنڈی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<em>@INCIndia</em></p></div>

تصویر@INCIndia

user

قومی آوازبیورو

کانگریس لیڈر راہل گاندھی گجرات کورٹ سے 2019 کے مجرمانہ ہتک عزتی معاملہ میں قصوروار ٹھہرائے جانے پر لوک سبھا رکنیت منسوخ کیے جانے کے بعد آج پہلی بار اپنے پارلیمانی حلقہ وائناڈ کے دورہ پر پہنچے، جہاں کئی کلومیٹر تک سڑکوں کی دونوں جانب کھڑی ہزاروں لوگوں کی بھیڑ نے ان کا زوردار استقبال کیا۔ راہل گاندھی کے ساتھ ان کی بہن پرینکا گاندھی بھی موجود رہیں۔

بھیڑ کو دیکھتے ہوئے کئی مقامی باشندوں نے دعویٰ کیا کہ یہ وائناڈ میں اب تک کی سب سے بڑی بھیڑ تھی۔ حتیٰ کہ یہ اس بھیڑ سے بھی زیادہ تھی جو 2019 کے لوک سبھا انتخاب کے لیے اپنا نامزدگی داخل کرنے پہنچے راہل گاندھی کا استقبال کرنے کے لیے امنڈ پڑی تھی۔ 2019 میں راہل گاندھی نے سی پی آئی کے پی پی سنیر کو 4 لاکھ سے زیادہ ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دے کر وائناڈ لوک سبھا سیٹ جیتی تھی۔


بہرحال، آج زوردار استقبال کے بعد راہل گاندھی نے وائناڈ میں ایک عظیم الشان جلسہ سے خطاب بھی کیا۔ اس دوران راہل گاندھی نے کہا کہ ’رکن پارلیمنٹ‘ تو ایک ٹیگ ہے۔ یہ ایک عہدہ ہے اس لیے بی جے پی ٹیگ ہٹا سکتی ہے، وہ عہدہ لے سکتے ہیں، وہ گھر لے سکتے ہیں اور وہ مجھے جیل میں بھی ڈال سکتے ہیں، لیکن وہ مجھے وائناڈ کے لوگوں کی نمائندگی کرنے سے نہیں روک سکتے ہیں۔ انھیں لگتا ہے کہ وہ میرے گھر پولیس بھیج کر مجھے ڈرائیں گے، لیکن میں درحقیقت خوش تھا کہ انھوں نے میرا گھر لے لیا۔ آپ میرا گھر 50 بار لے لو لیکن مجھے کوئی پروا نہیں ہے۔ میں تب بھی ملک اور وائناڈ کے لوگوں کے ایشوز اٹھاتا رہوں گا۔

اپنے خطاب کے دوران راہل گاندھی نے ایک بار پھر اڈانی کو لے کر پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ میں نے پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی سے پوچھا کہ آپ اڈانی کے ساتھ اپنے رشتے کے بارے میں بتائیں۔ میں نے پوچھا کہ آپ کا اڈانی کے ساتھ کیا رشتہ ہے؟ لیکن وزیر اعظم مودی نے اس کا جواب نہیں دیا۔ بی جے پی کے وزرا نے پارلیمنٹ میں میرے بارے میں جھوٹ بولا۔ میں اسپیکر کے پاس بھی گیا لیکن پھر بھی مجھے بولنے نہیں دیا گیا۔ بی جے پی نے مجھے رکن پارلیمنٹ سے نااہل قرار دیا، میرا گھر لے لیا اور مجھ پر 24 گھنٹے حملہ کر رہے ہیں۔ میں جانتا ہوں کہ میں درست کر رہا ہوں اور جتنا وہ مجھ پر حملہ کرتے رہیں، میں رکوں گا نہیں۔ اس نااہلیت سے وائناڈ کے لوگوں کے ساتھ مریا رشتہ اور گہرا ہوگا۔


اس سے قبل منگل کے روز راہل گاندھی اپنی بہن پرینکا گاندھی کے ساتھ کنور پہنچے اور وہاں سے وہ ہیلی کاپٹر سے وائناڈ کے کلپیٹا کے لیے روانہ ہوئے۔ ریاست کے سرکردہ کانگریس لیڈران نے ہیلی پیڈ پر ان کا استقبال کیا اور اس کے بعد سبھی ایک کھلی گاڑی میں سوار ہو گئے۔ کانگریس لیڈر کی ایک جھلک پانے کے لیے روڈ کی دونوں جانب بڑی تعداد میں بھیڑ جمع ہو گئی۔ کئی کلو میٹر لمبی بھیڑ کو پار کرتے ہوئے وہ بڑی مشکل سے آگے بڑھ سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */