اپوزیشن اتحاد: کانگریس صدر کھڑگے کے فون پر نتیش کمار ہوئے سرگرم، خاموشی کے ساتھ دہلی روانہ

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ وزیر برائے آبی وسائل سنجے جھا بھی دہلی کے لیے روانہ ہوئے ہیں، نتیش کمار دہلی میں سرکردہ اپوزیشن لیڈران سے ملاقات کریں گے۔

نتیش کمار، تصویر یو این آئی
نتیش کمار، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار 11 اپریل کی شام اچانک دہلی کے لیے روانہ ہو گئے۔ نتیش کمار اپنی رہائش کے پچھلے دروازے سے نکلے اور ان کی گاڑی ایئرپورٹ کی طرف چلتی بنی۔ اس دوران نتیش کمار پوری طرح خاموش نظر آئے اور دہلی روانگی سے متعلق کسی طرح کا بیان میڈیا کو نہیں دیا۔ نتیش کمار کی یہ سرگرمی ایسے وقت میں دکھائی دے رہی ہے جب کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے انھیں فون کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز دن سے ایسی خبریں سننے کو مل رہی تھیں کہ نتیش کمار دہلی کے لیے روانہ ہونے والے ہیں، لیکن اس کے پیچھے کا مقصد واضح نہیں تھا۔ لیکن جس طرح ملکارجن کھڑگے کے فون پر نتیش کمار دہلی روانہ ہوئے ہیں، اس سے ظاہر ہے کہ لوک سبھا انتخاب 2024 کے پیش نظر اپوزیشن اتحاد کو مضبوط بنانے کی کوششیں اب تیز ہونے والی ہیں۔


بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ وزیر برائے آبی وسائل سنجے جھا بھی دہلی کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق نتیش کمار دہلی میں سرکردہ اپوزیشن لیڈران سے ملاقات کریں گے اور اس سلسلے میں پالیسی تیار کی جائے گی کہ بی جے پی کو کس طرح مرکز سے ہٹایا جائے۔ دہلی میں نتیش کمار کی ملکارجن کھڑگے کے علاوہ آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو سے بھی ملاقات ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔