اتر پردیش اسمبلی میں کوڈین سیرپ معاملے پر زبردست ہنگامہ
اترپردیش اسمبلی میں ہنگامے کے دوران سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر شیو پال سنگھ یادو نے کہا کہ میں نے کئی بار ان کا ضمنی بجٹ دیکھا ہے،وہ اپنے پاس موجود بجٹ بھی خرچ نہیں کر پاتے، وہ برباد ہو جائیں گے۔

اتر پردیش اسمبلی کا سرمائی اجلاس جاری ہے۔ اس دوران سماجوادی پارٹی مختلف مسائل پر حکومت کو گھیرنے میں مصروف ہے جس میں کوڈین والے کف سیرپ کا معاملہ سب سے اہم ہے۔ اس معاملے پر سماجوادی پارٹی نے اجلاس کے شروع سے ہی حکومت کے خلاف مورچہ کھول رکھا ہے۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ ایوان میں کوڈین پر بحث کی جائے وہیں حکومت اپنی ضد پر اڑی ہوئی ہے۔ اپوزیشن کے مطالبے کے جواب میں پارلیمانی امور کے وزیر سریش کھنہ کا کہنا ہے کہ کوڈین کی وجہ سے ایک بھی موت نہیں ہوئی ہے۔ حکومت جب اپنا موقف رکھ رہی ہے کہ کوئی موت نہیں ہوئی تو اس میں کسی کو کیا پریشانی ہے۔ اس پر ایس پی ممبران اسمبلی نعرے لگاتے ہوئے ویل میں پہنچ گئے۔ اس دوران اسمبلی میں زبردست ہنگامہ ہوا۔
واضح رہے کہ اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں آج ضمنی بجٹ پیش کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں نائب وزیر اعلیٰ کے پی موریہ نے کہا کہ اتر پردیش کی ترقی کے لیے ضمنی بجٹ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی ایجنڈے سے محروم پارٹی ہے، وہ 2027 میں سیفئی واپس چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں ’وندے ماترم‘ پر بھی بحث ہوگی۔ ’وندے ماترم‘ مہا منتر کی طرح ہے جس کے نعرے نے انگریزوں کو ملک سے بھاگنے پر مجبور کیا تھا۔
نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک نے اسمبلی میں شری بانکے بہاری مندر ٹرسٹ بل 2025 پاس ہونے پر کہا کہ میں آج ریاست کے لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ریاست مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ دریں اثنا یوپی کے وزیر دانش آزاد انصاری نے کہا کہ یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ہمیشہ زمین پر ایمانداری سے کام کرتے ہیں۔ ہم ضمنی بجٹ کے ذریعے اتر پردیش کے لوگوں کی امیدوں کو پورا کرنے کے لئے پوری ایمانداری کے ساتھ کام کریں گے۔
اُدھر سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر شیو پال سنگھ یادو نے کہا کہ میں نے کئی بار ان کا ضمنی بجٹ دیکھا ہے۔ وہ اپنے پاس موجود بجٹ بھی خرچ نہیں کر پاتے، وہ برباد ہو جائیں گے۔ وہیں یوپی اسمبلی میں ’وندے ماترم‘ پر بحث کے بارے میں شیو پال نے کہا کہ ہر کوئی ’وندے ماترم‘کو مانتا ہے لیکن یہ لوگ اہم مسائل سے بھاگنا چاہتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔