گوالیار میں خوفناک حادثہ، ریت سے لدی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا ئی فارچیونر، 5 نوجوانوں کی موت

فارچیونر گاڑی گوالیار کی طرف آرہی تھی۔ اس دوران ہائی وے پر ریت سے لدی ٹریکٹر ٹرالی آگے چل رہی تھی۔ اچانک فارچیونر پیچھے سے ٹرالی میں ٹکرا گئی۔ متوفیوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

  گوالیار-جھانسی ہائی وے پر ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں فارچیونر کار میں سوار5 نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ گوالیار کے مالوا کالج کے سامنے اس وقت ہوا جب تیز رفتار فارچیونر کار پیچھے سے ریت سے لدی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اوراس میں بیٹھے سبھی نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔

اطلاعات کے مطابق فارچیونر گاڑی گوالیار کی طرف آرہی تھی۔ اس دوران ہائی وے پر ریت سے لدی ٹریکٹر ٹرالی آگے چل رہی تھی۔ اچانک فارچیونر پیچھے سے ٹرالی میں ٹکرا گئی۔ اپنے زیادہ وزن کی وجہ سے ٹرالی زیادہ آگے نہیں بڑھی لیکن تیز رفتار سے آرہی کار ایک ہی لمحے میں چکنا چور ہو گئی۔


 حادثے کی آوازآس پاس تک سنائی دی جس کے بعد راہگیروں نے فوری طور پر پولیس اور ایمبولینس کو فون کیا۔ اطلاع ملتے ہی جھانسی روڈ تھانہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور معاملے کی تفتیش شروع کردی۔ حادثے کا شکار کار میں پھنسے نوجوانوں کو نکالنے کے لیے کافی مشقت کرنا پڑی، کیونکہ شدید ٹکرکے سبب گاڑی بری طرح دب گئی تھی۔

بتایا جاتا ہے کہ حادثے کے کچھ ہی دیر بعد سبھی پانچوں نوجوانوں نے دم توڑ دیا تھا۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور متوفیوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد ہائی وے پر گاڑیوں اور لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے ٹریفک جام کو ختم کرایا جس کے بعد ٹریفک بحال ہوا۔ پولیس فی الحال حادثے کی اصل وجہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔