مدھیہ پردیش: مندسور میں المناک سڑک حادثہ، بائک سے ٹکرانے کے بعد وَین کنویں میں گری، 12 افراد کی موت

ضلع کے نارائن گڑھ تھانہ حلقہ کے بوڑھا-ٹکراوت پھنٹے پر واقعہ پیش آیا۔ حادثے میں موٹرسائیکل سوار اور کنوئیں میں لوگوں کو بچانے اترے شخص کی بھی موت ہو گئی۔

<div class="paragraphs"><p>حادثے کے بعد کنوئیں سے لوگوں کو نکالے جانے کا منظر/ویڈیو گریب</p></div>

حادثے کے بعد کنوئیں سے لوگوں کو نکالے جانے کا منظر/ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کے مندسور ضلع میں اتوار کو رفتار کا قہر ایک بار پھر دیکھنے کو ملا۔ یہاں ایک تیز رفتار وَین موٹر سائیکل سے ٹکرانے کے بعد کنوئیں میں گر گئی، جس سے موٹر سائیکل سوار سمیت 12 لوگوں کی موت ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ مہلوکین میں ایک مقامی شخص بھی شامل ہے جو لوگوں کو بچانے کے لیے کنوئیں میں اترا تھا لیکن واپس نہیں آ سکا۔

اطلاع کے مطابق ضلع کے نارائن گڑھ تھانہ حلقہ کے بوڑھا-ٹکراوت پھنٹے پر اتوار کی دوپہر تقریباً 1 بجے یہ المناک سڑک حادثہ ہوا۔ ایک بے قابو ایکو وَین نے پہلے بائک کو ٹکر ماری پھر خود بغیر منڈیر کے کنوئیں میں جا گری۔ حادثے میں پہلے پانچ لوگوں کی موت کی خبر تھی لیکن بعد میں یہ تعداد 12 تک پہنچ گئی۔


بتایا جاتا ہے کہ وَین میں 10 سے زیادہ لوگ سوار تھے جو اجین ضلع کے اُنہیل سے نیمچ ضلع کے مناسا علاقے میں واقع آنتری ماتا مندر درشن کے لیے جا رہے تھے۔ حادثے میں زخمی تین سال کی بچی سمیت 4 لوگوں کو محفوظ نکال کر مندسور ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی نائب وزیر اعلیٰ دیوڑا، کلکٹر ادیتی گرگ، ایس پی ابھیشیک آنند، ایڈیشنل ایس پی گوتم سولنکی اور ایس ڈی او پی نریندر سولنکی موقع پر پہنچ گئے۔ ضلع اسپتال سے آکسیجن سلنڈر بھی موقع پر بھجوائے گئے ہیں تاکہ پھنسے ہوئے لوگوں کو راحت دی جا سکے۔

ادھر وزیر اعظم نریندر مودی نے اس المناک حادثے پر اپنے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے اہل خانہ اور زخمیوں کے لیے امدادی رقم کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم دفتر کی طرف سے ’ایکس‘ پر جاری ایک پوسٹ میں کہا گیا، ’’مدھیہ پردیش کے مندسور میں ہوئے حادثے میں لوگوں کی موت سے غمزدہ ہوں۔ ان لوگوں کے تئیں ہمدردی جنہوں نے اپنے عزیزوں کو کھو دیا۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی پرارتھنا کرتا ہوں۔‘‘


پی ایم او نے کہا کہ وزیر اعظم قومی راحت فنڈ سے ہر مہلوک کے اہل خانہ کو 2-2 لاکھ روپے کی رقم دی جائے گی جبکہ زخمیوں کو 50000 روپے ملیں گے۔ نائب وزیراعلیٰ جگدیش دیوڑا نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ صحافیوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ مہلوکین کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔