افغانستان جیسے خوفناک مناظر ہمارے ملک میں بھی نظر آ جاتے ہیں: یشونت سنہا

بی جے پی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہوئے سابق مرکزی وزیر خارجہ یشونت سنہا کا کہنا ہے کہ ’’افغانستان میں بہت سارے خوفناک مناظر دیکھنے کو ملے ہیں لیکن اس سے ہم پورے ملک کو غلط نہیں ٹھہرا سکیں گے۔‘‘

یشونت سنہا / ٹوئٹر
یشونت سنہا / ٹوئٹر
user

تنویر

افغانستان میں طالبان کے قابض ہونے کے بعد میڈیا میں خوفزدہ کرنے والی کئی خبریں سامنے آ رہی ہیں، جن میں افغانی باشندوں کی دہشت کے بارے میں خصوصی طور پر بتایا جا رہا ہے۔ اس درمیان کئی لوگوں نے طالبان کی حمایت میں بھی آواز اٹھائی ہے اور کہا ہے کہ بہتر حالات میں حکومت چلانے کا جو وعدہ طالبانی کر رہے ہیں، اس پر بھروسہ کر کے دیکھا جانا چاہیے۔ اس درمیان بی جے پی کے سابق لیڈر اور سابق مرکزی وزیر خارجہ یشونت سنہا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان جیسے خوفناک مناظر ہمارے ملک میں بھی نظر آ جاتے ہیں۔

یشونت سنہا، جو کہ بی جے پی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہو چکے ہیں، انھوں نے ’آج تک‘ سے بات چیت کے دوران افغانستان کے تعلق سے اپنے نظریات لوگوں کے سامنے رکھے۔ ان سے جب یہ سوال کیا گیا کہ طالبان کے دعوے الگ ہیں، لیکن جو لوگ پرانی باتیں سنا رہے ہیں کیا انھیں سن کر طالبان کی بربریت نظر نہیں آتی؟ اس کے جواب میں یشونت سنہا نے کہا کہ ’’ٹھیک ہے، بہت سارے خوفناک مناظر دیکھنے کو ملے ہیں، اور بہت سارے ملک ہیں، ہمارا ملک بھی ہے جہاں اس طرح کے خوفناک مناظر دیکھنے کو مل جاتے ہیں۔ لیکن اس سے ہم پورے ملک کو غلط نہیں ٹھہرا سکیں گے۔‘‘


یہاں قابل غور بات یہ ہے کہ مشہور و معروف شاعر منور رانا نے بھی گزشتہ دنوں ایک بیان دیا تھا جس میں کہا تھا کہ افغانستان سے زیادہ بربریت ہندوستان میں ہے اور افغانستان پر قابض ہونے کے بعد طالبان نے فی الحال کچھ ایسا نہیں کیا ہے کہ اس کی باتوں پر بھروسہ نہ کیا جائے۔ ان کے اس بیان پر کافی ہنگامہ برپا ہوا تھا، اور طالبان کا موازنہ والمیکی سے کیے جانے پر تو دو ایف آئی آر بھی منور رانا کے خلاف درج کی جا چکی ہیں۔ اب جب کہ یشونت سنہا نے افغانستان جیسے خوفناک مناظر ہندوستان میں بھی دیکھے جانے کی بات کہی ہے، تو ایک بار پھر تنازعہ پیدا ہو سکتا ہے۔

بہر حال، یشونت سنہا نے ’آج تک‘ سے بات چیت کے دوران اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ طالبان جو بول رہا ہے اس پر یقین کر لیں، لیکن جو بول رہا ہے اس کو ’آؤٹ آف ہینڈ‘ نہ لیں، سرے سے خارج نہ کریں۔ ہم ویریفائی کریں اور بھروسہ کریں۔‘‘ ساتھ ہی سابق وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا کہ افغانستان آج جن حالات کا سامنا کر رہا ہے، اس کے لیے صرف اور صرف امریکہ ذمہ دار ہے، وہی سب سے بڑا گنہگار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */