اتراکھنڈ: موسلادھار بارش سے ٹریفک نظام درہم برہم، کیدارناتھ یاترا پر لگا بریک

اتراکھنڈ میں مانسون کی دستک کے ساتھ ہی کئی مقامات پر زوردار بارش ہوئی جس سے ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا، گزشتہ دو دنوں میں ہوئی بارش نے مجموعی طور پر 138 سڑکوں پر ٹریفک نظام کو متاثر کیا۔

کیدارناتھ یاترا، تصویر آئی اے این ایس
کیدارناتھ یاترا، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ میں مانسون کی دستک کے ساتھ ہی کئی مقامات پر زوردار بارش ہوئی جس سے ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا۔ گزشتہ دو دنوں میں ہوئی بارش نے مجموعی طور پر 138 سڑکوں پر ٹریفک نظام کو متاثر کیا۔ ان میں سے 92 سڑکوں کو کھول دیا گیا تھا، لیکن ریاست بھر میں 46 سڑکیں اب بھی بند ہیں۔ جمعرات کی صبح بدری ناتھ اور گوری کنڈ شاہراہ بھی بند کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ رشی کیش بدری ناتھ شاہراہ سروہ بگڈ میں زمین دھنسنے سے بند ہو گیا ہے۔ اس کے سبب دیجیمانڈا چھاتیکھال مارگ سے گاڑیوں کو بھیجا جا رہا ہے۔

دوسری طرف رودرپریاگ گوری کنڈ شاہراہ پر سون پریاگ میں پہاڑی سے گرے پتھر کی زد میں آنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی ہے، جب کہ تین مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ خراب موسم کو دیکھتے ہوئے آئندہ احکامات تک کیدارناتھ یاترا کو روک دیا گیا ہے۔ صبح 8 بجے تک 990 عقیدتمند ہی دھام روانہ ہوئے۔ جمعرات کی صبح سے شروع ہوئی بارش سے بدری ناتھ شاہراہ سروہ بگڈ اور گوری کنڈ شاہراہ نولا پانی میں بند ہو گئی۔ چمولی ضلع میں بھی دیر رات سے شروع ہوئی موسلادھار بارش سے ضلع میں 12 دیہی رابطہ سڑک جگہ جگہ ملبہ جمع ہونے سے بند ہے۔ نندا نگر، پوکھری، دیوال، تھرالی علاقوں میں کئی سڑکیں ملبہ جمع ہونے سے بند پڑی ہیں۔


بارش ہونے سے بدری ناتھ دھام اور ہیم کنڈ صاحب کی تیرتھ یاترا میں بھی گراوٹ آئی ہے۔ پہاڑی اضلاع میں زوردار بارش کے سبب ملبہ آنے سے کئی سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ سڑکوں کو کھولنے کے لیے 235 جے سی بی مشینوں کو کام پر لگایا لگایا ہے۔ بدھ کی دیر شام تک چھ ریاستی سڑکوں، چار اہم ضلعی سڑکوں، چار دیگر ضلعی سڑکوں، 30 دیہی سڑکوں اور دو پی ایم جی ایس وائی سڑکوں کو بند کرنے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ بیشتر بند سڑکیں پہاڑی اضلاع اتر کاشی، ٹہری، چمولی، رودرپریاگ، پوڑی کی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔