جمنا کہیں سرسوتی نہ بن جائے، 57 سال کی نچلی سطح پر پہنچ چکا ہے پانی!

ایک رپورٹ کے مطابق 29 جون 2022 کو جمنا ندی کی آبی سطح 666.80 فیٹ پر تھی، 1965 کے بعد یہ ایک ریکارڈ ذیلی سطح ہے۔

جمنا ندی، تصویر آئی اے این ایس
جمنا ندی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہلی کی جمنا ندی میں پانی کی سطح تیزی کے ساتھ نیچے جا رہی ہے۔ ان مشکل حالات کو دیکھتے ہوئے یہ تشویش ظاہر کی جا رہی ہے کہ کہیں جمنا ندی پریاگ راج کے سنگم میں لاپتہ ہو چکی سرسوتی ندی کی طرح غائب نہ ہو جائے۔ جمنا ندی کی حالت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ 57 سال میں ندی کی آبی سطح اتنی نیچے نہیں گئی تھی جتنا کہ اس سال پہنچ چکی ہے۔ جمنا ندی کی آبی سطح نیچے جانے کے بعد دہلی جل بورڈ کو دہلی کے باشندوں کے لیے پانی کی کمی سے متعلق الرٹ جاری کرنا پڑا۔

ایک رپورٹ کے مطابق 29 جون 2022 کو جمنا ندی کی آبی سطح 666.80 فیٹ پر تھی۔ 1965 کے بعد یہ ایک ریکارڈ ذیلی سطح ہے۔ ندی کی یہ سطح دیکھ کر دہلی جل بورڈ نے کہا کہ شمالی، مغربی، وسطی اور جنوبی دہلی کے بیشتر علاقوں میں جمعرات یعنی 30 جون کو پانی کا بحران ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ نئی دہلی اور دہلی کینٹونمنٹ کے کچھ علاقوں میں بھی پانی کی سپلائی رخنہ انداز ہو سکتی ہے۔ دہلی میں گزشتہ دو مہینے سے پانی کا بحران ہو رہا ہے۔ پہلی بار اس مسئلہ کی شروعات اپریل میں ہوئی تھی۔ اس مہینے کے شروع میں وزیر آباد میں آبی سطح 667.6 فیٹ چلی گئی تھی، جب کہ عموماً آبی سطح 674.5 فیٹ پر رہتی ہے۔ وزیر آباد بیراج پر جمنا کی آبی سطح 667 فیٹ کے نشان سے محض 0.6 فیٹ ہی اوپر تھی۔ اس سے پہلے ایسا ڈاٹا سال 1965 میں درج کیا گیا تھا۔ دہلی جل بورڈ کے مطابق دہلی سب برانچ اور کیریر لائن چینل میں پانی کی کمی ہو رہی ہے جس کی وجہ سے چندروال اور وزیر آباد واٹر ٹریٹنمنٹ پلانٹ میں پانی کی زبردست کمی ہے۔


ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ہریانہ موافق مقدار میں جمنا میں پانی نہیں چھوڑتا ہے تو آنے والے دنوں میں دہلی کو پانی کے بحران سے نبرد آزما ہونا پڑ سکتا ہے۔ سب برانچ اور کیریر لائن چینل کے پونڈ کی سطح 666.80 فیٹ ہے، جب کہ عام طور پر آبی سطح 674.50 فیٹ رہتی ہے۔ دہلی کے جن علاقوں میں پانی کا فورس کم رہے گا، وہ ہیں سول لائنس، ہندو راؤ اسپتال کے آس پاس کا علاقہ، کملا نگر، شکتی نگر، قرول باغ، پہاڑ گنج، این ڈی ایم سی کے علاقے، پرانا اور نیا راجندر نگر، ایسٹ اور ویسٹ پٹیل نگر، بلجیت نگر، پرہلاد پور، رام لیلا میدان، دہلی گیٹ، سبھاش پارک، ماڈل ٹاؤن، گلابی باغ، پنجابی باغ، جہانگیر پوری، مول چند، ساؤتھ ایکسٹینشن، گریٹر کیلاش، ڈیفنس کالونی، براری اور کینٹونمنٹ۔

ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہلی-این سی آر کا کاپسہیڑا، مہیپال پور، دہلی-گروگرام اولڈ روڈ اور فرید آباد میں حالات انتہائی برے ہیں۔ دہلی-این سی آر میں گراؤنڈ واٹر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ ایک اسٹڈی میں متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر ایسے ہی زمین کے اندر سے پانی نکلتا رہا تو کہیں کوئی علاقہ دھنس کر نیچے چلا جائے گا اور کہیں کوئی علاقہ اوپر بڑھ جائے گا۔ اگر یہ کسی رہائشی علاقے میں ہوا تو عمارتیں گر سکتی ہیں اور سڑکوں پر دراڑیں پڑ سکتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔