مدھیہ پردیش میں بارش سے فصلوں کو بھاری نقصان، کانگریس کا معاوضے کا مطالبہ

نرمداپورم، کھنڈوہ، چھندواڑا، ٹیکم گڑھ، بیتول، چھترپور اور نواڑی اضلاع میں اولے پڑے ہیں۔ کچھ اضلاع میں کھیتوں میں کٹی ہوئی فصلیں پانی میں ڈوب گئی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش میں بارش اور اولے گرنے کی وجہ سے فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ ریاست کے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے نقصانات کے سروے کا حکم دیا ہے، جبکہ کانگریس نے متاثرہ کسانوں کو فوری طور پر معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس نے کہا کہ جب تک سروے کی حتمی رپورٹ آئے گی بہت دیر ہوچکی ہوگی اس لیے حکومت متاثرہ کسانوں کو فوری طور پر معاوضہ دے۔

مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے کہا ہے کہ موسم میں حالیہ تبدیلی نے ریاست میں فصلوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ ریاست کے کئی حصوں میں تیز ہوا اور بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی ہے جس سے کھیتوں میں گندم، چنے اور سرسوں کی فصلیں خراب ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نرمداپورم، کھنڈوہ، چھندواڑہ، ٹیکم گڑھ، بیتول، چھتر پور اور نیواڑی اضلاع میں اولے گرے ہیں جبکہ کچھ اضلاع میں کھیتوں میں کاٹی گئی فصلیں پانی میں ڈوب گئیں ہیں۔ کسانوں کو خدشہ ہے کہ اناج کالے پڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت اس کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر متاثرہ کسانوں کے لیے ریلیف پیکج جاری کرنا چاہئے۔


جیتو پٹواری نے کہا کہ اگر بی جے پی حکومت واقعی کسانوں کی مدد کرنا چاہتی ہے تو وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ذریعہ باقاعدگی سے کئے جانے والے سروے کی جانکاری بھی کسانوں کے ساتھ شیئر کی جانی چاہئے۔ پٹواری نے ریلیف پیکج پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہم مسئلہ ریلیف کے تحت دیا جانے والا معاوضہ ہے۔ کیونکہ ماضی کے تجربات بتا تے ہیں کہ حکومت کی طرف سے اعلان کردہ سروے بہت سست  ہوتے ہیں۔ جب تک حتمی رپورٹ سامنے آتی ہے بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے۔ معاوضے کا عمل بھی سست رفتاری کا شکار ہوتا ہے۔ اس سے متاثرہ کسانوں کو ریلیف ملنے میں بھی کافی وقت لگ جاتا ہے۔ اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت متاثرہ کسانوں کو فوری طور پر راحت دے۔

واضح رہے کہ ریاست کے کئی حصوں میں تیز گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہونے کی وجہ سے کئی مقامات پر فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ضلع مجسٹریٹ کو نقصانات کا سروے کرنے کا حکم دیتے ہوئے کسانوں کو ریلیف دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔