دہلی میں دلخراش واقعہ! گھر کے باہر کھیل رہے بچے پر ’پٹ بُل‘ کتے کا حملہ، مالک گرفتار
دہلی میں ایک 6 سالہ بچہ گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ پٹ بل کتے نے اس پر حملہ کر دیا اور اسے کئی جگہ کاٹ لیا۔ جب تک آس پاس کے لوگ بچے کو بچانے کے لیے پہنچے تب تک کتا بچے کا کان کاٹ کر الگ کر چکا تھا

قومی راجدھانی سے ایک دلخراش واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں کے پریم نگر علاقہ میں ’پٹ بُل‘ کتے نے 6 سال کے معصوم بچے پر حملہ کر دیا۔ کتے نے بچے کو اس قدر نوچا کہ اس کا دایاں کان الگ ہوگیا۔ فی الحال بچے کو تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ وہیں کتے کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس نے ایک بار پھر کئی سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ کتا مالک کی شناخت راجیش پال کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ شب کی ہے جب بچہ اپنے گر کے کے باہر کھیل رہا تھا۔ افسر نے بتایا کہ پریم نگر پولیس اسٹیشن میں شام 5:38 بجے ایک پی سی آر کال موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ ایک بچے کو پٹ بل نے سنگین طور سے زخمی کردیا ہے اور اس کے والدین اسے اسپتال لے گئے ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا کہ لڑکا ونے انکلیو میں اپنے گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اچانک پڑوسی کے گھر سے پٹ بل نکلا اور اس پر حملہ کردیا۔ یہ کتا راجیش پال (50) کا ہے جو پیشے سے درزی ہیں۔ حملے میں بچے کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور کتے نے اس کادایاں کان کاٹ لیا۔ افسر نے کہا کہ پڑوسیوں کی مدد سے والدین لڑکے کو بچانے میں کامیاب رہے اور اسے روہنی کے بی ایس اے اسپتال لے گئے۔ متاثرہ کو بعد میں صفدر جنگ اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کا ابھی علاج چل رہا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس کتے کو تقریباً ڈیڑھ سال قبل راجیش پال کا بیٹا سچن پال گھر لایا تھا جو ابھی قتل کی کوشش کے ایک معاملے جیل میں بند ہے۔ پولیس نے کہا کہ ایک ٹیم نے بچے کے اسپتال کا ریکارڈ اکٹھا کیا ہے اور متاثرہ کے والد دنیش (32) کا بیان لیا ہے، جو کیرتی نگر میں ایک پرائیویٹ فیکٹری میں کام کرتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔