ملک میں کہرے کاقہر شروع،10 شہروں کی حالت خراب، بارش کی وارننگ، آلودگی سے راحت ملنے کا امکان

وادی کشمیر کے کئی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیاہے۔ اس طرح اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کئی پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔وہیں سیاح بھی ٹھٹھرتے نظر آرہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ملک کے مختلف حصوں میں فضائی آلودگی کے ساتھ ہی کہرے نے بھی قہر برپا کرنا شروع کردیا ہے۔ اس دوران ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے خبردار کیا ہے کہ پیرکی صبح شمالی ہندوستان کے کئی حصوں کو کہرا پڑے گا جس سے حد بصارت کم ہو جائے گی۔ پریاگ راج، لکھنؤ، کانپور، دہلی، امرتسر، آگرہ، ٹنڈلا، چندی گڑھ، نینی تال اور شملہ جیسے شہر گہرے کہرے کی زد میں ہیں۔

اُدھر جنوبی ہندوستان میں موسم کا مزاج مختلف ہے۔تمل ناڈو کے کئی اضلاع میں 12 دسمبر تک ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ ساحلی علاقوں میں کم دباؤ کا اثر دکھائی دے رہا ہے جس کی وجہ سے خلیج منار اور بحیرۂ کماری میں تیز لہریں اُٹھ سکتی ہیں۔ چنانچہ ماہی گیروں کو 10 دسمبر تک سمندر میں نہ اترنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔


اسی طرح قومی راجدھانی میں سردی کے اثرات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کی رفتار بہت کم ہونے سے کہرا مزید گہرا ہو جائے گا۔ دن کے وقت سرد ہوائیں چلتی رہیں گی، صبح نمی کی سطح 100 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔ اس دوران کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ 10 اور 12 دسمبر کے درمیان اتر پردیش کے بیشتر شہروں میں صبح انتہائی غبار آلود رہے گی۔ لکھنؤ، ایودھیا، بارہ بنکی، اٹاوہ، آگرہ، ٹنڈلا اور کانپور سمیت کئی اضلاع کم مرئیت سے متاثر رہیں گے۔ اس صورتحال میں لوگوں کو صبح کے سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

 دوسری طرف پٹنہ، بھاگلپور، کشن گنج، دربھنگہ، پورنیہ، بھوجپور، گیا اور ارریہ میں گہرے کہرے کا اثر دیکھا جائے گا۔ ہوا کی رفتار 15 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے جس سے سردی میں مزید شدت آ سکتی ہے۔ اسی طرح جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی کے محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرکے کہا ہے کہ ریاست کے گڑھوا، پلامو، چترا، لاتیہار، کھنٹی، لوہردگا، سمڈیگا، گملا، بوکارو اور رام گڑھ میں سرد لہر کااثر محسوس کیا جائے گا۔ وہیں صبح اور رات کے درجہ حرارت میں مسلسل کمی آ سکتی ہے۔


راجستھان میں نیا ویسٹرن ڈسٹربنس متحرک ہونے کی وجہ سے کئی علاقوں میں ہلکے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ کم سے کم درجہ حرارت میں کچھ ڈگری کا اضافہ ہو سکتا ہے لیکن یہ راحت زیادہ دیر نہیں رہے گی۔ پورے ہفتے میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ مدھیہ پردیش کے کئی اضلاع میں برفیلی ہواؤں نے سردی میں شدت پیدا کردی ہے۔ امریا اور شہڈول میں درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کمی آسکتی ہے جس کی وجہ سے لوگ دن بھر سردی محسوس کرتے رہیں گے۔

وادی کشمیر کی بات کریں تو یہاں سردی کی شدت برقرار ہے۔ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کئی پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ بیشتر علاقوں میں رات کا درجہ حرارت انجماد سے نیچے برقرار ہے۔ اس کے ساتھ ہی مغربی بنگال میں موسم خشک ہے لیکن سردی کی شدت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ کولکتہ میں درجہ حرارت مسلسل گر رہا ہے اور یہ موسم کا سرد ترین دن ثابت ہو سکتا ہے۔ اگلے ہفتے بھی موسم صاف اور سرد رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔