جھانسی میں پہلی خاتون آٹو ڈرائیور قتل معاملے میں ہاف انکاؤنٹر، محبت میں دھوکہ دے کر مارنے کا الزام
انیتا چودھری کو نوآباد تھانہ علاقے میں سکواں- ڈھکواں کالونی کے قریب گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر معاملہ سڑک حادثہ معلوم ہوتا تھا لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد حقیقت سامنے آئی۔

جھانسی کی پہلی خاتون آٹو ڈرائیور انیتا چودھری کے قتل معاملے میں پولیس نے اہم کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ 4 روز سے مفرور معاملے کے کلیدی ملزم کو پولیس نے ہاف انکاؤنٹر کے بعد گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کے پاس سے ایک پستول اور کارتوس برآمد کئے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم گزشتہ 4 روز سے مفرور تھا۔ گرفتاری سے بچنے کے لیے اس نے پولس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اور بروا ساگر تھانہ علاقے میں بیتوا ندی کے نوٹ گھاٹ پل پراپنی کار چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے کار کے اندر سے ایک پستول بھی برآمد کی تھی۔
بتا دیں کہ انیتا چودھری کو اتوار اور پیر کی درمیانی رات نوآباد تھانہ علاقے میں سکواں- ڈھکواں کالونی کے قریب گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر معاملہ سڑک حادثہ معلوم ہوتا تھا لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد حقیقت سامنے آئی۔ پوسٹ مارٹم سے انکشاف ہوا کہ انیتا کے کان پر گولی ماری گئی تھی۔ گولی لگنے کے بعد وہ گر گئی اور گولی اس کے گلے میں پھنس گئی تھی جس کی وجہ سے ابتدائی طور پر معاملہ حادثہ معلوم ہوا۔ بعد ازاں پوسٹ مارٹم کے دوران گولی ملنے سے قتل کی تصدیق ہوئی۔
خاتون کے شوہر کی تحریر اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی بنیاد پر پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کیا۔ جھانسی کے ایس ایس پی بی بی جی ٹی ایس مورتی نے بتایا کہ کلیدی ملزم مکیش جھا نے اپنے بیٹے شیوم جھا اور بہنوئی منوج جھا کے ساتھ مل کر انیتا کا قتل کیا۔
اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے پہلے ہی نامزد ملزمین شیوم جھا اور منوج جھا کو حراست میں لے لیا تھا۔ اس دوران کلیدی ملزم مکیش جھا فرار چل رہا تھا اور اس کی گرفتاری کے لیے 25 ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ کلیدی ملزم مکیش جھا گزشتہ 6-7 سالوں سے متوفی خاتون سے رابطے میں تھا۔ کچھ عرصہ سے دونوں کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ محبت میں دھوکہ ملنے کے بعد ملزم نے سالگرہ کی رات انیتا کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
کلیدی ملزم کی تلاش کے لیے پولیس کی متعدد ٹیمیں تعینات کی تھیں۔ پولیس کو اس کی کار بیتوا ندی کے نوگھاٹ پل پر ملی تھی جس سے شبہ پیدا ہوا کہ ملزم نے ندی میں چھلانگ لگا کر خودکشی کی ہے۔ پولیس نے ندی اور آس پاس کے جنگلات میں مسلسل تلاشی مہم چلائی لیکن اس کا پتہ نہیں چل سکا۔ آخر کار پولیس نے آدھی رات ہاف انکاؤنٹر میں ملزم کو پکڑ لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے گرفتاری سے بچنے کی کوشش کی جس پر جوابی فائرنگ میں وہ زخمی ہوگیا۔ جائے وقوعہ سے ایک پستول اور کارتوس برآمد کئے گئے ہیں۔ فی الحال ملزم میڈیکل کالج میں زیر علاج ہے، مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔