بکروں کی تقسیم اسکیم: تلنگانہ حکومت کی این سی ڈی سی نے کی تعریف

وزیر اعلی کے چندرشیکھرراو نے 20 جون 2017 کو اس اسکیم کا آغاز کیا تھا۔ اس اسکیم کا مقصد گولہ اور کروما طبقات کو ان کے آبائی پیشوں کے ذریعہ بااختیار بنانا ہے۔

چندر شیکھر راو، تصویر آئی اے این ایس
چندر شیکھر راو، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

حیدرآباد: نیشنل کواپریٹیو ڈیولپ کارپوریشن (این سی ڈی سی) نے تلنگانہ حکومت کی بکروں کی تقسیم اسکیم کی ستائش کی۔ اس اسکیم کے تحت ریاستی حکومت بکروں کی تقسیم کر رہی ہے تاکہ ریاست میں بکروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ اس اسکیم کے تحت بکروں کے فی یونٹ 1.25 لاکھ روپئے کے منجملہ 75 فیصد مصارف ریاستی حکومت برداشت کرتی ہے اور بقیہ 25 فیصد استفادہ کنندگان کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ اس سے ریاست میں بکروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے 20 جون 2017 کو اس اسکیم کا آغاز کیا تھا۔ اس اسکیم کا مقصد گولہ اور کروما طبقات کو ان کے آبائی پیشوں کے ذریعہ بااختیار بنانا ہے۔ اس اسکیم کے لئے دیگر ریاستوں سے بکروں کو خرید کر استفادہ کنندگان میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ آج این سی ڈی سی کے عہدیداروں نے اس اسکیم کی ستائش کی۔ شہر حیدرآباد کے مانصاحب ٹینک میں محکمہ افزائش مویشیاں کے دفتر میں وزیرافزائش مویشیاں ٹی سرینواس یادو کے ساتھ این سی ڈی سی کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔


اس موقع پر ان عہدیداروں نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ اسکیمات کو مثالی قرار دیا۔ اس موقع پر وزیر سرینواس یادو نے مختلف طبقات کے آبائی پیشوں کی حکومت کی جانب سے حوصلہ افزائی کی تفصیلات سے این سی ڈی سی کی ٹیم کو واقف کروایا۔ وفد نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کا بھی مشاہدہ کیا۔سرینواس یادو نے کہا کہ ریاست میں 7.61 لاکھ گولہ اورکروما طبقات میں بکروں کی تقسیم کا پروگرام منعقد کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔