سہارنپور کے کاروباری اور بی ایس پی کے سابق ایم ایل سی حاجی اقبال کا چوتھا بیٹا دہلی ایئرپورٹ سے گرفتار

پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہی) سہارنپور سورج رائے نے کہا، ’’ہمیں اس کی آمد کے بارے میں پیشگی اطلاع تھی اور اس سلسلے میں ہوائی اڈے کے حکام کو آگاہ کر دیا گیا تھا اور ہماری ٹیم بھی موقع پر موجود تھی۔

حاجی اقبال / تصویر سوشل میڈیا
حاجی اقبال / تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سہارنپور: اتر پردیش پولیس نے بی ایس پی کے سابق ایم ایل سی اور مشہور کاروباری محمد حاجی اقبال کے چوتھے بیٹے عبدالواجد کو اندرا گاندھی انٹرنیشنل (آئی جی آئی) ائیرپورٹ سے گرفتار کیا ہے۔ وہ دبئی جانے والی پرواز کے لیے چیک ان کر رہا تھا۔ اس کی گرفتاری کی اطلاع دینے پر 50000 روپے کا انعام رکھا گیا تھا۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہی) سہارنپور سورج رائے نے کہا، ’’ہمیں اس کی آمد کے بارے میں پیشگی اطلاع تھی اور اس سلسلے میں ہوائی اڈے کے حکام کو آگاہ کر دیا گیا تھا اور ہماری ٹیم بھی موقع پر موجود تھی۔ جیسے ہی وہ ہوائی اڈے میں داخل ہوا اور کارروائی شروع ہوئی۔ چیک ان کرتے ہوئے ہماری ٹیم نے اسے وہاں سے گرفتار کر لیا۔‘‘


خیال رہے کہ 36 سالہ واجد کے خلاف ریپ سمیت 20 کے قریب مقدمات درج ہیں۔ اقبال کے تین بیٹے پہلے ہی اپنے بھائی اور سابق ایم ایل سی محمود علی کے ساتھ سلاخوں کے پیچھے ہیں، جنہیں جولائی میں ممبئی سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ایس پی نے کہا "ابتدائی تفتیش کے دوران، واجد نے انکشاف کیا کہ وہ اجمیر شریف میں چھپا ہوا تھا۔ اسے اپنے والد کے ٹھکانے کے بارے میں کوئی علم نہیں۔‘‘

سہارنپور اور اس کے آس پاس کانکنی سنڈیکیٹ چلانے کے ملزم حاجی اقبال کو 10000 کروڑ روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا سامنا ہے۔ وہ مرکزی تفتیشی ایجنسیوں بشمول سیریس فراڈ انویسٹی گیشن آفس (ایس ایف آئی او)، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور محکمہ انکم ٹیکس کی نگرانی میں ہے۔ انہیں ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ سہارنپور پولیس نے اقبال کی 337 کروڑ روپے کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔ ای ڈی نے 2021 میں اقبال کے 1097 کروڑ روپے کے اثاثوں کو ضبط کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔