سماجوادی پارٹی کو جھٹکا دے کر سابق قومی ترجمان انل یادو کانگریس میں شامل

کانگریس میں شامل ہونے کے بعد انل یادو نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’اگر ہم یو پی کی بات کرتے ہیں تو صرف کانگریس ہی وہ پارٹی ہے جو حکومت کو گھیرنے کا کام کر رہی ہے۔‘‘

تصویر ٹوئٹر @INCUttarPradesh
تصویر ٹوئٹر @INCUttarPradesh
user

تنویر

اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات کو لے کر ہلچل تیز ہوتی جا رہی ہے اور لیڈروں کے ذریعہ ایک پارٹی چھوڑ کر دوسری پارٹی میں شامل ہونے کا سلسلہ بھی دراز ہوتا جا رہا ہے۔ آج (12 جون) سماجوادی پارٹی کے لیے اس وقت بری خبر سامنے آئی جب پارٹی کے سابق قومی ترجمان اور قدآور لیڈر انل یادو اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شامل ہو گئے۔ ریاستی کانگریس صدر اجے کمار للو کی موجودگی میں انل یادو نے پارٹی کی رکنیت حاصل کی اور کانگریس کے نظریات کی تعریف کرتے ہوئے پارٹی کو مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

انل یادو کے کانگریس میں شامل ہونے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اجے للو نے کہا کہ ’’پرینکا گاندھی لگاتار اتر پردیش کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔ انل یادو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پرینکا گاندھی کے اسی جدوجہد سے متاثر ہو کر کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’پرینکا گاندھی لگاتار یو پی کی بیٹیوں کو انصاف دلانے کے لیے سڑکوں پر جدوجہد کر رہی ہیں۔ بے روزگاروں، کسانوں کے ساتھ کھڑی ہو کر ان کی آواز بلند کر رہی ہیں۔‘‘


کانگریس میں شامل ہونے کے بعد انل یادو نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’اگر ہم یو پی کی بات کرتے ہیں تو صرف کانگریس ہی وہ پارٹی ہے، پرینکا گاندھی ہی وہ لیڈر ہیں جو حکومت کو گھیرنے کا کام کر رہی ہیں۔ حکومت سے سوال پوچھنے کا کام کر رہی ہیں۔‘‘ انھوں نے اپنی پرانی پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’اپوزیشن صرف نمبر سے نہیں ہوتا۔ اپوزیشن عوام کے ایشوز سے جانا جاتا ہے۔ اگر آج کسی کے ساتھ بھی غلط ہوتا ہے تو عوام پرینکا گاندھی میں یقین دکھاتی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔