ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ کو عدالت نے ’بھگوڑا‘ قرار دیا

ممبئی اور ٹھانے کی عدالت نے جبراً وصولی معاملوں میں پرمبیر سنگھ کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے، وہ بغیر کوئی اطلاع دیے اپنی ڈیوٹی سے بھی غائب ہیں۔

پرمبیر سنگھ
پرمبیر سنگھ
user

قومی آوازبیورو

ممبئی کی ایک مجسٹریٹ عدالت نے بدھ کے روز ایک بڑے فیصلے میں شہر کے سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ کو ’بھگوڑا‘ قرار دے دیا ہے۔ عدالت کا یہ فیصلہ ان کے خلاف درج جبراً وصولی کے ایک معاملے میں ممبئی پولیس کے ذریعہ داخل ایک درخواست پر سامنے آیا ہے جس میں پرمبیر سنگھ کو ’بھگوڑا‘ قرر دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا، جو کہ کئی مہینوں سے لاپتہ ہیں۔

ایک ذرائع کا کہنا ہے کہ آج سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ کو بھگوڑا مجرم قرار دینے کی ممبئی پولیس کی درخواست کو قبول کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی عرضی کو قبول کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ایس بی بھجپلے نے پرمبیر سنگھ کو بھگوڑا قرار دینے کا حکم جاری کیا۔


اس سے قبل ممبئی اور ٹھانے کی عدالتوں نے ممبئی کے سابق اعلیٰ پولیس افسر کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا، جو اس وقت مہاراشٹر ہوم گارڈس کے ڈائریکٹر جنرل کی شکل میں تعینات ہیں، لیکن ڈیوٹی سے بغیر کوئی اطلاع دیے لاپتہ ہیں۔ ممبئی اور ٹھانے عدالت کے ذریعہ کئی سمن اور غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہونے کے بعد بھی پرمبیر سنگھ حاضر نہیں ہوئے۔

اس سے قبل ممبئی کی کرائم برانچ ے بھی سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ کو گورے گاؤں میں ایک پولیس تھانہ میں ان کے اور دیگر کے خلاف درج وصولی کے معاملے میں بھگوڑا ملزم قرار دینے کا عمل شروع کیا تھا۔ اس معاملے میں بھی جلد عدالت کا فیصلہ آنے کی امید ہے۔ واضح رہے کہ انٹیلیا کیس کے بعد ممبئی پولیس چیف کے عہدہ سے ہٹائے جانے کے بعد پرمبیر سنگھ کے لگائے الزامات پر ہی ریاست کے سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ کے خلاف سی بی آئی جانچ شروع ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔