سہسرام تشدد معاملے میں بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی جواہر پرساد کو بہار پولیس نے کیا گرفتار

جمعہ کی جواہر پرساد کی گرفتاری عمل میں آئی، پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے، پولیس نے یہ بھی جانکاری دی کہ رام نومی تشدد معاملے میں اب بھی 12 ملزمین فرار ہیں۔

گرفتار، علامتی تصویر آئی اے این ایس
گرفتار، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بہار کے سہسرام میں رام نومی کے دوران پیدا تشدد معاملے میں بہار پولیس نے بڑی کارروائی کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی جواہر پرساد کو بہار پولیس نے جمعہ کی دیر شب گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جواہر پرساد کو سہسرام واقع ان کے گھر سے ہی گرفتار کیا گیا ہے۔ اس گرفتاری کے بعد ایک بار پھر سیاسی ہلچل شروع ہو گئی ہے۔

بہار پولیس کے افسران کا کہنا ہے کہ رام نومی کے دوران ہوئے تشدد معاملے میں اب تک 63 لوگوں کی گرفتاری ہو چکی ہے۔ دو ملزمین نے تو خود عدالت جا کر خود سپردگی کی تھی۔ پولیس نے ان سبھی کا بیان درج کر لیا ہے۔ اس درمیان جمعہ کی شب شہنواز عالم اور جواہر پرساد کی گرفتاری عمل میں آئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے یہ بھی جانکاری دی کہ رام نومی تشدد معاملے میں اب بھی 12 ملزمین فرار ہیں۔


پولیس افسران کے مطابق فرار ملزمین کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس کی کئی ٹیمیں لگاتار چھاپہ ماری مہم چلا رہی ہیں۔ ان کے گھروں پر اشتہارات بھی چپکائے جانے کا منصوبہ ہے۔ عدالت نے ان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی فرار ملزمین کی بھی گرفتاری عمل میں آئے گی۔

واضح رہے کہ بہار میں رام نومی کے دوران بہار شریف اور سہسرام میں شر پسند عناصر نے خوب ہنگامہ کیا تھا۔ بدمعاشوں نے کئی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا تھا اور کچھ دکانوں میں بھی آگ لگا دی گئی تھی۔ حالات کو قابو میں کرنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنی پڑی تھی اور انٹرنیٹ خدمات بھی کچھ وقت کے لیے بند کرنی پڑی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔