کورونا کا قہر جاری، گزشتہ 24 گھنٹے میں 40 افراد کی موت، 7171 نئے کیسز درج، فعال مریضوں کی تعداد 51 ہزار کے پار

ہندوستان میں اب تک 4.49 کروڑ افراد کورونا کی زد میں آ چکے ہیں اور فعال معاملے اب مجموعی انفیکشن کا 0.11 فیصد ہے۔

کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کورونا کا قہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے میں 7171 نئے کیسز درج کیے جانے کی خبر سامنے آئی ہے۔ درج کیے گئے نئے کیسز کا موازنہ جمعہ کو درج کیسز سے کیا جائے تو معاملوں میں معمولی گراوٹ ضرور دیکھنے کو مل رہی ہے، لیکن حالات ہنوز فکر انگیز ہیں۔ ملک میں فعال مریضوں کی تعداد 51 ہزار کے پار پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کی وجہ سے 40 لوگوں کی موت بھی ہو چکی ہے، حالانکہ ان میں 15 پرانے معاملے ہیں جنھیں کیرالہ نے گزشتہ روز اَپڈیٹ کرایا ہے۔ اسی کے ساتھ ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 5 لاکھ 31 ہزار 508 ہو گئی ہے۔

ہندوستان میں اب تک 4.49 کروڑ افراد کورونا کی زد میں آ چکے ہیں اور فعال معاملے اب مجموعی انفیکشن کا 0.11 فیصد ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی ویب سائٹ پر دیے گئے اعداد و شمار کے مطابق قومی کووڈ ریکوری شرح 98.70 درج کی گئی ہے۔ انفیکشن سے نجات پانے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 4 کروڑ 43 لاکھ 56 ہزار 693 ہو گئی ہے، جب کہ شرح اموات 1.18 فیصد بنی ہوئی ہے۔ ملک گیر کووڈ ٹیکہ کاری مہم کے تحت ملک میں اب تک کووڈ ٹیکہ کی مجموعی طور پر 220.66 کروڑ خوراکیں دی جا چکی ہیں۔


واضح رہے کہ برطانیہ کے بعد اب ہندوستان نے بھی کورونا ٹیکہ کا اَپڈیٹیڈ وَرژن تیار کر لیا ہے۔ یہ پوری طرح سے اومیکرون اور اس کے ویریئنٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے جس کی ایک خوراک لینے سے مناسب اینٹی باڈی تیار ہو سکتا ہے۔ یہ کووی شیلڈ یا پھر کوویکسن کی دونوں خوراکیں لینے والوں کے لیے رہے گی۔ دو خوراک کی ٹیکہ کاری پورا ہونے کے چار ماہ بعد اس اَپڈیٹیڈ ویکسین کی احتیاطی خوراک لی جا سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔