علی گڑھ: کورونا سے پہلی موت، اعلیٰ افسران کی موجودگی میں سپرد خاک

اے ایم یو انتظامیہ نے ضلع مجسٹریٹ کا نوٹس ملنے کے بعد کورونا متاثر کی معلومات پوشیدہ رکھنے و اس کو میڈکل کالج میں داخل کیے جانے کے الزام میں پروفیسر چغتائی کو جانچ مکمل ہونے تک کے لئے معطل کر دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

ابو ہریرہ

علی گڑھ: دو روز قبل شہر سے ایک ہی دن میں ایک ساتھ کورونا متاثر دو مریضوں کے ملنے سے جہاں ضلع انتظامیہ و محکمہ صحت کی نیند اڑا دی ہے وہیں مزید دشواری اس وقت بڑھ گئی جب 55 سالہ کورونا میں مبتلا مریض فہیم الدین کی علاج کے دوران میڈکل کالج میں ہی موت واقع ہو گئی۔ فہیم کی کورونا رپورٹ پازیٹو پائے جانے کے بعد اس کے بڑے بھائی امیر الدین عرف کلکٹر کی ہارٹ اٹیک سے موت ہو گئی تھی۔


فہیم الدین کا انتقال ہو جانے کی خبر ملتے ہی ان کے اہل خانہ پولیس کے خوف سے فرار ہو گئے، جنہیں ضلع و پولیس انتظامیہ نے تلاش کرنے کے بعد سبھی کا کورونا ٹیست کرایا ہے، اس میں موجود 11 افراد میں سے محض 8 افراد کی رپورٹ حاصل ہوئی ہے، اس میں بیٹی و بیوی بھی شامل ہے۔ لیکن ان میں سے ایک فرد کے علاوہ سبھی کی رپورٹ نیگٹو آئی ہے۔

ضلع مجسٹریٹ چندرا بھوشن سنگھ نے قومی آواز کو بتایا کہ کورونا وائرس سے موت کے شکار ہوئے فہیم الدین کے حقیقی بہنوئی اقبال کی رپورٹ پازیٹو پائی گئی ہے، باقی سبھی لوگوں کی رپورٹ ابھی تک نگیٹو ہے، رپورٹ کی بنیاد پر بہنوئی اقبال و فہیم کے سبھی اہل خانہ کو کوارنٹائن کر دیا گیا ہے۔ جبکہ باقی متعلقین کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ضلع میں اب تک کل 4 افراد کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں اس میں سے ابھی تک ایک فرد کی رپورٹ نگیٹو آئی ہے۔


وہیں دوسری جانب کورونا متاثر کی موت کے بعد سرگرم ضلع انتطامیہ نے محلہ شاہ جمال میں واقع الشفاء نرسنگ ہوم کی ڈاکٹر پروین چغتائی جو کہ انتظامیہ کو اطلاع دیئے بغیر اس کا علاج اپنے نرسنگ ہوم میں کر رہی تھیں ان کے خلاف پولیس نے قدرتی آفات قانون کے تحت تھانہ دہلی گیٹ میں مقدمہ درج کر لیا ہے وہ اپنے شوہر و میڈکل کالج کے پروفیسر ڈاکٹر انجم چغتائی کے ساتھ ہوم کوارنٹائن میں ہیں۔


وہیں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی انتظامیہ نے ضلع مجسٹریٹ کا نوٹس ملنے کے بعد کورونا متاثر کی معلومات کو پوشیدہ رکھنے و اس کو میڈکل کالج میں داخل کیے جانے کے الزام میں پروفیسر انجم چغتائی کو جانچ مکمل ہونے تک کے لئے معطل کر دیا ہے۔ پروفیسر چغتائی نے فون پر بتایا کہ انہوں نے مریض کو صرف ہمدردی کے تحت جو ایک ڈاکٹر کو مشورہ دینا چاہیے تھا وہی کیا ہے، انہیں جان بوجھ کر بے وجہ معطل کیا گیا ہے جو کہ جانچ کے بعد سچ سب کے سامنے آ جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    Published: 22 Apr 2020, 8:40 PM