علی گڑھ: تبلیغی جماعت سے جڑے 29 افراد کی کورونا رپورٹ نگیٹو

ڈی ایم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تمام لوگ کورونا وائرس کے قہر سے محفوظ رہنے کے لئے اپنے اپنے گھروں میں ہی رہیں، کسی کو بھی گھر سے باہر نکلنے و سوشل ڈسٹنسنگ کے اصولوں کو توڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تصویر سول میڈیا
تصویر سول میڈیا
user

ابو ہریرہ

علی گڑھ: علی گڑھ کے ضلع مجسٹریٹ چندر بھوشن سنگھ نے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پریس کو جاری اپنے بیان میں بتایا کہ ابھی تک ضلع بھر سے جانچ کے بعد جو رپورٹ کورونا وائرس سے متعلق آئی ہیں ان میں سے کوئی بھی فرد کورونا وائرس سے متاثر نہیں پایا گیا ہے، ان مشکوک افراد میں 29 افراد دہلی کے تبلیغی جماعت مرکز سے متعلق تھے، جنہوں نے اجتماع میں شرکت کی تھی۔ جبکہ اس سے قبل ایک مزید فرد جس کا تعلق بھی جماعت سے تھا اس کی رپورٹ بھی نگیٹو آئی ہے، اس کے علاوہ 56 دیگر افراد کی بھی کورونا رپورٹ نگیٹو آئی ہے ان سبھی لوگوں کو کوارنٹائن کیا گیا تھا۔

ضلع مجسٹریٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آپ تمام لوگ کورونا وائرس کے قہر سے محفوظ رہنے کے لئے اپنے اپنے گھروں میں ہی رہیں کسی کو بھی گھر سے باہر نکلنے و سوشل ڈسٹنسنگ کے اصولوں کو توڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


کھانے و دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کے لئے کچھ دوکانداروں، سبزی فروش، پھلوں کی فراہمی کے لئے طے شدہ اور مناسب قیمت پر گھر گھرسامان پہچانے کے لئے کہا گیا ہے اور علاقہ کے مطابق ان سبھی سامان فراہم کرانے والے دوکانداروں، فیری والوں کے فون نمبر سوشل میڈیا، مقامی اخبارات و متعدد ذرائع سے شائع کرا دیئے گئے ہیں۔

وہیں دوسری جانب ایس ایس پی منی راج جی نے سبھی ضلع کے افراد سے اپیل کی ہے کہ مکمل طور پر لاک ڈاؤن کے نفاذ میں پولیس و انتظامیہ کا ساتھ دیں اور اپنے گھروں سے کسی بھی صورت میں گھروں سے باہر نہ آئیں، پولیس و ضلع انتظامیہ ہر حال میں ان کی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے دن رات سرگرم عمل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Apr 2020, 7:00 PM
/* */