علی گڑھ میں کورونا وائرس کے 2 نئے مریض، شہر میں خوف کا ماحول

کورونا میں مبتلا مریض فہیم الدین کو علی گڑھ کے جے این میڈیکل کالج میں ہی وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے، اسے دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے ضروری اقدام اٹھائے ہیں

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

ابو ہریرہ

علی گڑھ: ضلع انتظامیہ و محکمہ صحت سے متعلق سرگرم عملہ سمیت میڈکل کالج کے تمام طبی عملہ میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب دو روز سے سانس لینے میں ہو رہی پریشانی کے سبب علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لال نہرو میڈکل کالج میں داخل ایک مریض کی کورونا رپورٹ پازیٹو پائی گئی۔ معاملہ کی اطلاع فوری طور پر ضلع انتظامیہ کو دی گئی، اس کے بعد ضلع میں محکمہ صحت کی جانب سے کورونا مریضوں کی نگرانی و علاج کر رہے عملہ کو ضلع مجسٹریٹ چندرا بھوشن سنگھ کی جانب سے مریض کی تمام معلومات جمع کرنے کے علاوہ دیگر متعلقین کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی غرض سے میڈکل کالج بھیجا گیا۔

مریض فیہم الدین (بدلہ ہوا نام) کے گھر کا پتہ معلوم کرنے کے بعد میڈیکل ہیلتھ ٹیم نے ان کے اہل خانہ کو ضروری ہدایات و تمام چارہ جوئی کے بعد ان تمام لوگوں کو کوارنٹائن کے لئے بھیجا گیا ہے جبکہ تمام علاقہ کو سینیٹائز کرانے کے بعد اوپر کوٹ عثمان پاڑہ علاقہ کو پوری طرح سیل کر دیا گیا ہے۔ اب یہاں کسی کو بھی گھروں سے باہر آنے و جانے کی اجازت نہیں ہے، ضروری اشیاء کی فراہمی بھی ہوم ڈیلیوری کے ذریعہ عمل میں لائے جانے کے احکامات ضلع مجسٹریٹ نے جاری کیے ہیں۔ کورونا میں مبتلا مریض فہیم الدین کو جے این میڈیکل کالج میں ہی وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔


دوسری جانب ایک مزید فرد اسلم (بدلہ ہوا نام) کو محلہ شاہ جمال کے نزدیک واقع نئی آبادی نیوری سے بھی ایک کورونا سے متاثر پایا گیا ہے اس کو معمولی کھانسی بخار کے سبب اسپتال لایا گیا تھا جہاں میڈکل رپورٹ میں کورونا پازیٹو پایا گیا ہے نیوری علاقہ کو بھی سینیٹائز کیے جانے کے بعد سیلینگ کی چارہ جوئی عمل میں لائی گئی ہے۔ اب اس علاقے سے بھی نہ تو کوئی باہر آسکتا ہے اور نہ ہی اندر جا سکتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی ضلع انتظامیہ و مسلم یونیورسٹی انتطامیہ کے احکامات کے بعد علاج میں شامل تمام طبی عملہ کو ہوم کوارنٹائن میں رکھا گیا ہے، ان لوگوں کے علاقوں کو بھی سینیٹائز کیے جانے کے بعد کسی بھی قسم کی آوا جاہی پر روک لگانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ کسی بھی کورونا پازیٹو کا تعلق جماعت سے نہیں ہے اور نہ ہی ان دونوں میں سے کسی کی کوئی سفر سے متعلق کوئی اطلاع ہے، ان علاقوں میں کورونا مریض کے ملنے کی وجوہات کیا ہیں ان دونوں معاملوں میں جانچ کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Apr 2020, 5:00 PM
/* */