آگرہ کے اسپتال میں آتشزدگی کا واقعہ، ڈاکٹر، بیٹی اور 14 سالہ بیٹے کی جھلس کر موت

پولس کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والی ڈاکٹر کی اہلیہ اور دوسرے بیٹے کی حالت تشویشناک ہے۔ اسپتال میں زیر علاج مریضوں کو نکال کر دوسرے اسپتال بھیج دیا گیا۔

آگ، علامتی تصویر یو این آئی
آگ، علامتی تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

آگرہ: اتر پردیش میں آگرہ کے گھنی آبادی والے علاقے میں واقع ایک اسپتال میں بدھ کی صبح آگ لگ گئی، جس میں اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راجن، ان کی بیٹی اور 14 سالہ بیٹے رشی کی جھلس کر موت ہوگئی۔ پولس کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والی ڈاکٹر کی اہلیہ اور دوسرے بیٹے کی حالت تشویشناک ہے۔ اسپتال میں زیر علاج مریضوں کو تشویشناک حالت میں نکال کر دوسرے اسپتال بھیج دیا گیا۔ اس واقعہ میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ضلع انتظامیہ کو فوری طور پر راحت اور بچاؤ کا کام مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق شاہ گنج علاقہ کے جگنیر روڈ پر واقع آر مادھو راج اسپتال میں اچانک آگ لگ گئی۔ اسپتال میں داخل تین مریض، ان کے لواحقین اور عملہ اندر پھنس گیے۔ پورا اسپتال دھوئیں سے بھر گیا۔ مقامی لوگوں نے کسی طرح آگ پر قابو پایا۔ تقریباً ایک گھنٹے بعد فائر فائٹرز نے تین مریضوں سمیت چار افراد کو تشویشناک حالت میں اسپتال سے باہر نکالا۔ انہیں قریبی نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔


اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راجن اور بلڈنگ کے مالک گوپی چند ہیں۔ اس کے بیسمنٹ مین ایک جنرل وارڈ، گراؤنڈ فلور پر جنرل اور پرائیویٹ وارڈ ہے۔ جبکہ گوپی چند اور ڈاکٹر راجن کا خاندان دوسری منزل پر رہتا ہے۔ صبح 5 بجے دوسری منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ لگنے کے بعد پورا اسپتال دھویں سے بھر گیا۔

آگ لگنے کے وقت اسپتال میں 07 مریض داخل تھے اور 05 عملہ موجود تھا۔ آگ لگتے ہی آس پاس کے لوگوں نے پانی سے آگ بجھانے کی کوشش کی۔ اندر دھوئیں کی وجہ سے لوگ مریضوں کو باہر نہیں نکال سکے۔ اس دوران پولیس اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی۔ فائر فائٹرز تقریباً 40 منٹ کے بعد وہاں پہنچے۔ اس کے بعد مریضوں کو نکالا جا سکا۔


بتایا جاتا ہے کہ آر مادھو راج اسپتال کی دوسری منزل پر ایک کمرے میں رکھے فوم کے گدوں میں آگ لگی تھی۔ اس منزل پر ڈاکٹر راجن، ان کے والد گوپی چند، بیوی مدھوراج، بیٹی شالو، بیٹے لاوی اور رشی کے ساتھ ساتھ رشتہ دار تیجویر رہتے تھے۔

ڈاکٹر راجن، بیٹی شالو، بیٹے رشی اور تیجویر کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں سے ڈاکٹر راجن اور بیٹی شالو کی حالت نازک تھی۔ جہاں علاج کے دوران دونوں کی موت ہو گئی۔ صبح 8.30 بجے 14 سالہ بیٹے رشی کی بھی موت ہو گئی۔ پولس اور فائر بریگیڈ کے اہلکار راحت اور بچاؤ کے کام میں لگے ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */