وارانسی کے ایڈیشنل سی ایم او کی کورونا سے موت، رشتہ داروں کو تھمائی گئی دوسرے کی لاش!
کورونا انفیکشن کے سبب اسپتال میں داخل وارانسی کے ایڈیشنل چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر جنگ بہادر سنگھ کی موت کے بعد یو پی محکمہ صحت کی لاپروائی سامنے آئی جس نے رشتہ داروں کو کسی دوسرے کی لاش تھما دی۔

اتر پردیش واقع بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) میں ایک حیران کرنے والا واقعہ سامنے آیا ہے جس نے یوگی حکومت میں محکمہ صحت کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ دراصل یہاں کے ایڈیشنل چیف میڈیکل افسر (سی ایم او) کی موت کے بعد ان کے گھر والوں کو اسپتال کے ذریعہ دوسرے شخص کی لاش سونپنے کا حیران کرنے والا معاملہ روشنی میں آیا ہے۔
دراصل منگل کی دیر رات وارانسی کے ایڈیشنل چیف سی ایم او ڈاکٹر جنگ بہادر سنگھ کی موت کورونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے ہو گئی تھی۔ بدھ کے روز ان کے اہل خانہ کو لاش سونپ دی گئی تھی۔ لاش کو بیگ میں رکھا گیا تھا۔ جب اہل خانہ لاش کو سپردِ آتش کرنے کے لیے ہریش چندر گھاٹ پر لے گئے اور 'اَگنی' دی ہی تھی کہ غازی پور کے ایک کووڈ-19 مریض کے اہل خانہ پہنچ گئے۔ اس مریض کی اسی دن موت ہوئی تھی جس دن ڈاکٹر جنگ بہادر سنگھ کی ہوئی تھی۔ غلطی سے اس شخص کی لاش ایڈیشنل سی ایم او کے اہل خانہ کو دے دی گئی تھی۔
غازی پور والے مریض کے رشتہ داروں کی بات سنتے ہی ڈاکٹر جنگ بہادر کے اہل خانہ نے جزوی طور پر جلے ہوئے جسم کا چہرہ دیکھنے کے لیے ریپر کو ہٹایا اور وہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ لاش تو ڈاکٹر جنگ بہادر کی ہے ہی نہیں۔ بعد میں غازی پور کے مریض کے گھر والوں نے اس جزوی طور پر جلے ہوئے لاش کی بقیہ رسوم مکمل کی۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر سنگھ کے اہل خانہ ان کی اصل لاش لینے کے لیے مردہ خانہ کی طرف بھاگے۔
یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد یوگی حکومت اور محکمہ صحت کی خوب لعن و طعن لوگوں نے شروع کر دی۔ معاملے جب طول پکڑنے لگا تو ضلع انتظامیہ نے صفائی دیتے ہوئے بیان جاری کر کہا کہ غازی پور کے ایک کووڈ-19 مریض کی لاش بھی بی ایچ یو کے مردہ خانہ میں ایڈیشنل سی ایم او کی لاش کے ساتھ رکھی گئی تھی۔ کووڈ-19 پروٹوکول کے مطابق دونوں کے جسم کو ریپر سے پیک کیا گیا تھا جس کی وجہ سے یہ غلطی ہو گئی۔ اس پورے معاملے پر لوگوں کا کہنا ہے کہ جب محکمہ صحت کے بڑے افسران کی موت پر ان کی لاش کے ساتھ ایسا سلوک ہو رہا ہے تو عام لوگوں کے ساتھ محکمہ کا رویہ کیسا ہوگا اس کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : چکن وِنگس میں ملا 'کورونا وائرس'، لوگ انگشت بہ دنداں
واضح رہے کہ وارانسی کے سبھی کووڈ اسپتالوں میں ضروری سہولیات یقینی بنانے کی ذمہ داری سنبھالنے والے ایڈیشنل سی ایم او خود کورونا انفیکشن کا شکار ہو گئے تھے اور انھیں ایک ہفتہ پہلے پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ڈاکٹر جنگ بہادر کے انتقال کے بعد ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے بیان دیا تھا کہ "دو دن قبل ان کا کورونا ٹیسٹ ہوا تھا جو کہ نگیٹو آیا تھا، لیکن ان کا جب دوبارہ ٹیسٹ کیا گیا تو وہ پازیٹو پائے گئے۔ اس کے بعد انھیں بی ایچ یو اسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا تھا جہاں منگل کے روز ان کا انتقال ہو گیا۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 13 Aug 2020, 8:58 PM