اپوزیشن اتحاد کے لیے بیشتر پارٹیاں تیار، بہت جلد خاکہ اور پالیسی سبھی کے سامنے ہوگی: نتیش کمار

نتیش کمار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’ہم سبھی پارٹیوں کو متحد کرنے میں لگے ہوئے ہیں، ہم سبھی سات پارٹیاں مل کر بہار کو آگے بڑھا رہے ہیں، ملک کو آگے بڑھانے کے لیے کئی پارٹیاں متحد ہو رہی ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>نتیش کمار</p></div>

نتیش کمار

user

قومی آوازبیورو

آئندہ لوک سبھا انتخاب کے لیے مودی حکومت کے خلاف سبھی اپوزیشن پارٹیوں کو متحد کرنے کی مہم پر دہلی گئے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی آج پٹنہ واپسی ہوئی۔ اپنے دورہ پر نتیش کمار نے دہلی میں مختلف پارٹیوں کے کئی لیڈران سے ملاقات کی اور اپوزیشن اتحاد کو مضبوط کرنے پر بات کی۔ پٹنہ لوٹنے پر نتیش کمار نے دہلی میں ہوئی ملاقاتوں کے بارے میں بتایا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔

نتیش کمار نے بتایا کہ اپوزیشن اتحاد کو لے کر ہم سبھی لوگوں کی بات ہو گئی ہے۔ سبھی لوگ ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کے لیے تیار ہیں۔ آگے بھی دیگر لوگوں سے بات چیت ہوگی۔ بہت جلد ہی ساری باتیں سامنے آ جائیں گی۔ ساتھ ہی نتیش کمار نے کہا کہ ہمارا مقصد ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ساتھ آئیں، پھر سب ساتھ بیٹھ کر آگے کی پالیسی طے کریں گے۔


وزیر اعلیٰ نے بھارت رتن بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی 132ویں جینتی تقریب کے موقع پر جنتا دل یو کے ذریعہ منعقد پروگرام میں لوگوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں سبھی ترقیاتی کام کیے جا رہے ہیں۔ انھں نے مرکزی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مرکز میں ان دنوں جن کو موقع ملا ہے وہ کام کی جگہ صرف اپنی تشہیر کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ تاریخ بدلنے کی کوشش ہو رہی ہے، مختلف ریاستوں میں اپوزیشن لیڈروں کو پریشان کیا جا رہا ہے۔

نتیش کمار نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ ہم لوگوں نے ملک میں پہلی بار بہار میں پنچایتی راج اداروں اور بلدیاتی انتخاب میں خواتین کو 50 فیصد ریزرویشن دیا۔ سماج کے ہر طبقہ کو آگے بڑھانے کے لیے بہار میں بہت کام کیے گئے ہیں۔ پہلے بہار میں خود کفیل گروپوں کی تعداد بہت کم تھی، ہم لوگوں نے خود کفیل گروپوں کی تعداد بڑھانے کا کام کیا جس کے سبب اب بہار میں خود کفیل گروپوں کی تعداد بڑھ کر 10 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے، جس سے 1 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ خواتین جڑی ہوئی ہیں۔


وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ ہم سبھی سات پارٹی ایک ساتھ ہیں اور سب نے یہ طے کیا ہے کہ اب بہار میں اساتذہ کی سرکاری بحالی کی جائے گی۔ اسی سال بڑے پیمانے پر اساتذہ کی بحالی کی جائے گی۔ اب اساتذہ سرکاری ملازمت میں آئیں گے۔ کچھ لوگ سرکاری اساتذہ کی بحالی پر اناپ شناپ بولنے میں لگے ہوئے ہیں۔ پہلے سے جو ٹیچر ہیں ان کی بھی آمدنی بڑھائی جائے گی۔

نتیش کمار نے بھیم راؤ امبیڈکر کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم لوگ بابا صاحب کے آئین کو مان کر چلتے ہیں۔ کچھ لوگ ساتھ آئے، الگ ہوئے، پھر ساتھ آئے اور الگ ہوئے، لیکن 2005 سے 2015 تک جو بھی ترقیاتی کام کیے گئے، ہمارے ذریعہ ہی کیے گئے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’7 نشچے یوجنا‘ کو عملی جامہ پہنایا گیا۔ جو ہمارے ساتھ رہے انھوں نے بھی ان ترقیاتی منصوبوں کی کھل کر تعریف کی، کسی کو غلط فہمی میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ نتیش کمار نے واضح لفظوں میں کہا کہ اگر آپ اپنا ووٹ بی جے پی کو دیں گے تو اپنی ہی تباہی کریں گے اور ان کے خلاف ووٹ کریں گے تو اپنی ترقی کا راستہ ہموار کریں گے۔ انھوں نے مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج کل ہر چیز پر کنٹرول کیا جا رہا ہے جو افسوسناک ہے۔


وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ سبھی میرے لیے نعرہ مت لگائیے، ہم سبھی کو متحد کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ آپ سبھی متحد رہیں۔ سب لوگ ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔ ہم سبھی سات پارٹیاں مل کر بہار کو آگے بڑھا رہے ہیں، ملک کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے کئی پارٹیاں متحد ہو رہی ہیں۔ سبھی لوگ متحد ہو جائیں گے تو ملک آگے بڑھے گا اور غریبی دور ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔