صفائی کی کامیابی کے لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری سمجھنی ہوگی: پی ایم مودی

ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں پی ایم مودی نے آج کہا کہ صفائی کی کوششیں پوری طرح سے تب ہی کامیاب ہوتی ہیں جب ہر شہری صفائی کو اپنی ذمہ داری سمجھے۔

پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ صفائی کی کوششیں اس وقت مکمل طور پر کامیاب ہوتی ہیں جب ہر شہری صفائی کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔ ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات میں پی ایم مودی نے آج کہا کہ صفائی کی کوششیں پوری طرح سے تب ہی کامیاب ہوتی ہیں جب ہر شہری صفائی کو اپنی ذمہ داری سمجھے۔ ابھی دیوالی کے موقع پر ہم سب اپنے گھر کی صفائی میں لگنے والے ہیں، لیکن اس دوران ہمیں اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ ہمارے گھر کے ساتھ ساتھ ہمارا محلہ بھی صاف ستھرا رہے۔ ایسا نہ ہو کہ ہم اپنے گھر کی صفائی کریں لیکن ہمارے گھر کی گندگی ہمارے گھر کے باہر ہماری گلیوں تک پہنچ جائے۔

پی ایم مودی نے کہا کہ جب ہم صفائی کی بات کرتے ہیں تو ہمیں کبھی بھی ’سنگل یوز پلاسٹک‘ سے آزادی کو نہیں بھولنا چاہیے۔ آئیے ہم عہد کریں کہ ہم سوچھ بھارت ابھیان کا جوش کم نہیں ہونے دیں گے۔ ہم مل کر اپنے ملک کو مکمل طور پر سوچھ بنائیں گے اور اسے صاف رکھیں گے۔ میرٹھ کی خاتون پربھا شکلا کے خط کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ’’ہم سب ہندوستان میں تہواروں پر صفائی کا جشن مناتے ہیں۔ اسی طرح اگر ہم صفائی کو روزانہ کی عادت بنا لیں تو پورا ملک سوچھ ہو جائے گا۔ مجھے ان کی یہ بات بہت پسند آئی۔ بے شک جہاں صفائی ہے وہاں صحت ہے، جہاں صحت ہے وہاں طاقت ہے اور جہاں طاقت ہے وہاں خوشحالی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملک سوچھ بھارت ابھیان پر اتنا زور دے رہا ہے۔


اسی طرح انہوں نے رانچی سے متصل گاؤں سپاروم نیا سرائے کے بارے میں بتایا کہ گاؤں میں پہلے ایک تالاب ہوا کرتا تھا، لیکن لوگ اس تالاب کے علاقے کو کھلے میں رفع حاجت کے لیے استعمال کرنے لگے۔ سوچھ بھارت ابھیان کے تحت جب ہر کسی کے گھر میں بیت الخلاء بنائے گئے تو گاؤں والوں نے سوچا کہ کیوں نہ گاؤں کو خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ اسے صاف ستھرا بنایا جائے۔ پھر کیا تھا ، سب نے مل کر تالاب کی جگہ پر پارک بنایا۔ آج وہ جگہ لوگوں کے لیے، بچوں کے لیے ایک عوامی جگہ بن چکی ہے۔ اس سے پورے گاؤں کی زندگی میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔

پی ایم مودی نے کہا کہ اکتوبر کا پورا مہینہ تہواروں کے رنگوں میں رنگا جا رہا ہے اور اب سے کچھ دن بعد دیوالی آنے والی ہے۔ پھر گووردھن پوجا، پھر بھیا دوج، یہ تینوں تہوار ہوں گے۔ اس دوران چھٹھ پوجا بھی ہوگی۔ نومبر میں گرو نانک دیو جی کا یوم پیدائش بھی ہے۔ اتنے تہوار ایک ساتھ منعقد ہوں تو ان کی تیاریاں بھی بہت پہلے سے شروع ہو جاتی ہیں۔


آپ سب نے خریداری کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی شروع کر دی ہو گی، لیکن کیا آپ کو یاد ہے، شاپنگ کا مطلب ہے 'لوکل فار ووکل‘۔ اگر آپ مقامی چیزیں خریدیں گے تو آپ کا تہوار بھی روشن ہو گا اور کسی غریب بھائی یا بہن، کاریگر، بُنکر کے گھر میں بھی روشنی آئے گی۔ مجھے یقین ہے کہ ہم سب نے مل کر جو مہم شروع کی ہے وہ اس بار تہواروں میں مزید مضبوط ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔