چھتیس گڑھ کے سکما میں شدید تصادم، جوانوں نے 15 نکسلیوں کو مار گرایا
چھتیس گڑھ کے سکما ضلع کے گوگُنڈا علاقے میں سلامتی دستوں اور نکسلیوں میں صبح سے تصادم جاری ہے۔ افسروں نے کہا ہے کہ اس مہم کے پورا ہونے کے بعد تفصیلی بیان جاری کیا جائے گا۔

چھتیس گڑھ کے سکما ضلع کے گوگُنڈا علاقے میں سلامتی دستوں اور نکسلیوں کے درمیان شدید تصادم کی خبر سامنے آئی ہے۔ یہ تصادم صبح سے ہی جاری ہے اور سلامتی دستے نکسلیوں کے خلاف جارحانہ مہم چلا رہے ہیں۔ فی الحال تصادم میں سلامتی دستوں کو بڑی کامیابی ملتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ اس تصادم میں اب تک 15 نکسلیوں کے مارے جانے کی اطلاع ملی ہے۔ اس کارروائی کو نکسلزم کے خاتمہ کی سمت میں اہم قدم بتایا جا رہا ہے۔
افسروں کے مطابق سکما پولیس اسٹیشن کی سرحد کے تحت کیرلا پال علاقے میں نکسلیوں کی موجودگی کے بارے میں خصوصی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مہم شروع کی گئی تھی۔ مشترکہ دستہ 28 مارچ کو تلاشی مہم کے لیے نکلا تھا اور آج صبح سے ہی رک رک کر گولی باری جاری ہے۔ سلامتی دستے فی الحال تصادم کے مقام اور آس پاس کے جنگلی علاقوں کی گہری تلاشی لے رہے ہیں۔ افسروں نے کہا کہ اس مہم کے پورا ہونے کے بعد تفصیلی بیان جاری کیا جائے گا۔
بتایا جاتا ہے کہ سلامتی دستے کے جوانوں کی مستعدی اور حکمت عملی کی وجہ سے نکسلی ان کے سامنے زیادہ وقت تک ٹک نہیں پائے۔ اس تصادم میں جوانوں کو کئی اہم جانکاریاں بھی ملی ہیں، جس سے نکسلزم کے خلاف ان کی مہم اور بھی تیز ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ سکما چھتیس گڑھ کے بستر علاقے میں سب سے زیادہ نکسل متاثر ضلعوں میں سے ایک ہے جہاں پہلے بھی کئی نکسلی حملے ہو چکے ہیں۔ اس سے پہلے جمعہ کو چھتیس گڑھ کے نارائن پور ضلع میں نکسلیوں کے ذریعہ لگائے گئے آئی ای ڈی میں دھماکہ ہونے سے ایک جوان زخمی ہو گیا تھا۔
بستر کے پولیس آئی جی سندر راج پی نے بتایا، "بیڑماکوٹی کی طرف سے نکسلیوں کے ذریعہ لگائے گئے آئی ڈی دھماکہ میں ایک جوان زخمی ہو گیا، زخمی جوان کا نارائن پور کے ضلع اسپتال میں ابتدائی علاج کرایا گیا۔" آئی جی نے آگے بتایا کہ ابتدائی علاج کے بعد زخمی جوان کی حالت مستحکم بنی ہوئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔