جموں و کشمیر کے بارہ مولہ میں مڈبھیڑ، جوانوں نے 2 دراندازوں کو مار گرایا
ہندوستانی فوج کے مطابق مڈھیر اس وقت شروع ہوئی جب تقریباً دو سے تین دہشت گرد بارہ مولہ کے اُری نالہ میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔ سرچ آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔

جموں و کشمیر کے بارہ مولہ میں سیکوریٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان مڈبھیڑ ہوئی ہے۔ اس میں دو دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ یہ کارروائی پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے ایک دن بعد ہوئی ہے۔ فوج نے مڈبھیڑ کی تصدیق کی ہے اور سرچ آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔
ہندوستانی فوج کے مطابق بدھ کو مڈھیر اس وقت شروع ہوئی جب تقریباً دو سے تین دہشت گرد بارہ مولہ کے اُری نالہ میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔ فوج نے کہا کہ شمالی کشمیر ضلع کے اُری نالہ میں دراندازی کی کوشش ناکام کر دی گئی ہے۔ چنار کور نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’23 اپریل 2025 کو بارہ مولہ میں اُری نالے کے سرجیون کے راستے دو سے تین ’یو آئی‘ دہشت گردوں نے دراندازی کی کوشش کی۔‘‘
ایل او سی پر تعینات مستعد فوجی جوانوں نے دراندازوں کو انتباہ کیا اور انہیں روکا جس کے نتیجہ میں گولی باری شروع ہو گئی۔ افسروں نے بتایا کہ اُری سیکٹر میں جاری دراندازی مخالف مہم میں دو دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ واقعہ کے بعد پورے ملک میں غم و غصے کی لہر ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی واقعہ کی خبر ملتے ہی سعودی عرب کا دورہ بیچ میں ہی چھوڑ کر ملک واپس آ گئے اور اس سلسلے میں ہنگامی میٹنگ کی۔ وزیر داخلہ امت شاہ بھی ہنگامی طور پر جموں و کشمیر پہنچ چکے ہیں۔ وہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور لیفٹیننٹ گورنر اور دیگر افسران کے ساتھ میٹنگی کی۔ ان میٹنگوں میں دہشت گردی کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے اور مظلومین کو انصاف دلانے کا عزم کیا گیا ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں نے بھی دہشت گردانہ حملے کے خلاف حکومت کے ساتھ کھڑا ہونے کی بات کرتے ہوئے حملے کے متاثرین کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ منگل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 26 لوگوں کی جان چلی گئی تھی۔ مرنے والوں میں زیادہ تر سیاح تھے۔ یہ حملہ 2019 میں پلوامہ میں ہوئے حملے کے بعد سب سے بڑا واقعہ ہے۔ پی ٹی آئی کو ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ مہلوکین میں دو غیر ملکی (متحدہ عرب امارات اور نیپال سے) بھی شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔