گروک تنازع پر ایلون مسک کے’ایکس‘ کا بڑا فیصلہ،600 اکاؤنٹ ڈیلیٹ
مرکزی وزارت کی جانب سے قابل اعتراض مواد پر خط لکھے جانے کے بعد ’ایکس‘ پلیٹ فارم نے 3,500 پوسٹس بلاک کئے اور 600 اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کردیا ہے۔ آئندہ بھی سرکاری احکامات کی پاسداری کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ نے مواد کے حوالے سے اپنی غلطی تسلیم کرلی ہے اور ہندوستان کے قانون کی پاسداری کا وعدہ کیا ہے۔ دراصل ’ایکس‘ پلیٹ فارم پر قابل اعتراض مواد کو لے کرمرکزی حکومت نے نوٹس لیا تھا جس کے بعد ایکس پلیٹ فارم نے ان پر کارروائی کی اور انہیں بلاک کر دیا ہے۔’ ایکس‘ نے 3,500 پوسٹس کو بلاک کیا ہے اور 600 اکاؤنٹس ڈیلیٹ کردیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ’ایکس‘ اپنے پلیٹ فارم پر قابل اعتراض مواد کی اجازت نہیں دے گا اور سرکاری ہدایات کے مطابق کام کرے گا۔
یہ کارروائی اس واقعہ کے بعد ہوئی ہے جب وزارت الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے ’ایکس‘ پلیٹ فارم پرموجود قابل اعتراض مواد کو مارک کیا گیا تھا۔ بتاتے چلیں کہ گزشتہ کچھ دنوں سے ایکس پلیٹ فارم پر سرکولیٹ ہورہے فحش مواد کو لے کر تنازعہ چل رہا ہے۔ کئی اکاؤنٹس’گروک اے آئی‘ کا استعمال کرتے ہوئے فحش مواد تیار کر رہے ہیں، جس پر بہت سے لوگوں نے تنقید کی ہے۔
گروک ایک مصنوعی ذہانت (اے آئی) چیٹ بوٹ ہے جسے خود ایلون مسک کی کمپنی’ایکس اے آئی‘ نے تیار کیا ہے۔ اسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ایکس‘ اور الگ سے ایپ انسٹال کرکے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ صارفین ٹیکسٹ کمانڈز یا صوتی اشارے دے کر اپنا کام کراتے ہیں۔
حال ہی میں گروک کے ذریعہ تیار کی جارہی فحش تصاویر اور اس کا ایڈیٹنگ فیچر موضوع بحث رہا ہے۔ اس کا غلط استعمال کرکے اے آئی کی مدد سے خواتین اور نابالغوں کی تصاویر کا استعمال کرکے فحش مواد تیار کیا جارہا تھا۔ حکومت نے اسے سنجیدگی سے لیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔