الیکشن کمیشن نے اُتراکھنڈ پنچایت انتخابات سے متعلق کانگریس کا ویڈیو 'گمراہ کن' قرار دیا
کمیشن نے واضح کیا کہ آئین کے آرٹیکل 324 کے تحت، ای سی آئی پارلیمنٹ، ریاستی اسمبلیوں اور صدر و نائب صدر کے انتخابات کراتا ہے۔

انتخابی کمیشن (ای سی آئی) نے کانگریس پارٹی کے اس ویڈیو کو، جو حالیہ اُتراکھنڈ پنچایت انتخابات کے حوالے سے جاری کیا گیا تھا، 'گمراہ کن' قرار دیا ہے۔ اس ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کی ایک اور "ووٹ چوری" پکڑی گئی ہے۔
کانگریس پارٹی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر 'Uttarakhand Panchayat Elections' کے عنوان سے شیئر کیے گئے اس ویڈیو کو ای سی آئی نے اپنے فیکٹ چیک پیج پر 'گمراہ کن' کے طور پر نشان زد کیا۔ کمیشن نے واضح کیا کہ آئین کے آرٹیکل 324 کے تحت، ای سی آئی پارلیمنٹ، ریاستی اسمبلیوں اور صدر و نائب صدر کے انتخابات کراتا ہے۔ کانگریس کے اس ویڈیو میں شروعات میں ای سی آئی کے لوگو کے ساتھ لکھا گیا ہے: "الیکشن کمیشن کی ایک اور چوری پکڑی گئی ہے۔"
ویڈیو میں مرکزی وزیر امت شاہ اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی ایک ساتھ تصویر، وزیراعظم نریندر مودی کی تصویر اور اُتراکھنڈ ہائی کورٹ کی تصویر شامل ہیں۔ متن اور وائس اوور میں کہا گیا، "ایسے امیدواروں کی نامزدگی منسوخ کرنے کی درخواست کی گئی تھی جن کے نام متعدد مقامات پر درج تھے، لیکن الیکشن کمیشن نے اپنے ہی قوانین پر عمل کرنے سے انکار کر دیا۔"
ویڈیو میں مزید دعویٰ کیا گیا"جب اُتراکھنڈ ہائی کورٹ نے بھی کمیشن کو ایسے امیدواروں کی نامزدگی منسوخ کرنے کا حکم دیا تو کمیشن نے اس پر عمل نہیں کیا۔ اب سپریم کورٹ نے اس معاملے کی سماعت کرتے ہوئے کمیشن پر دو لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔"ویڈیو کے آخر میں کہا گیا"صاف ظاہر ہے کہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن مل کر ملک میں انتخابات میں دھوکہ دہی کر رہے ہیں۔ یہ براہ راست ملک کے جمہوریت پر حملہ ہے۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔