عید اور اکشے ترتیا تہوار ایک ہی دن ہونے کا امکان، یوپی میں الرٹ، پولیس کی چھٹیاں رَد

یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ تحصیلدار، ایس ڈی ایم یا تھانہ انچارج، سبھی افسران اپنی تعیناتی والے علاقےمیں ہی رات گزاریں، ضرورت پڑے تو کرایہ کا مکان لیں، لیکن رات میں اپنے تعیناتی والے علاقے میں ہی رہیں۔

یو پی پولیس، تصویر آئی اے این ایس
یو پی پولیس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

رام نومی اور ہنومان جینتی کے موقع پر ملک میں کئی مقامات فرقہ وارانہ تشدد کے گواہ بنے۔ کچھ ہی دنوں بعد مسلمانوں کا اہم تہوار عیدالفطر منایا جانے والا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عید 3 مئی کو ہوگی اور اکشے ترتیا کے لیے بھی یہی تاریخ بتائی جا رہی ہے۔ یعنی ہندوؤں اور مسلمانوں کا تہوار ایک ہی دن ہونے سے لوگوں کی فکر میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اتر پردیش حکومت نے اس تعلق سے احتیاطی قدم اٹھاتے ہوئے پولیس انتظامیہ کو الرٹ کر دیا ہے۔ امن و امان قائم رکھنے کے لیے یوپی کے سبھی ڈویژنل کمشنر، ضلع مجسٹریٹ سے لے کر ایس ایس پی، سرکل افسر اور تھانہ انچارج کی چھٹیوں کو 4 مئی تک کے لیے فوری اثر سے رَد کر دیا گیا ہے۔ انھیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ چوبیس گھنٹے میں تعیناتی والے مقام پر پہنچ جائیں۔

اس درمیان اذان اور ہنومان چالیسا مائک پر پڑھنے سے متعلق شروع ہوئے تنازعہ پر یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ مذہبی آزادی سب کو ہے، لیکن مائک کی آواز احاطہ کے باہر نہیں جانی چاہیے۔ یوپی میں نظام قانون برقرار رکھنے کے لیے وزیر اعلیٰ نے پیر کے روز ریاست کے سینئر پولیس افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ میٹنگ کی۔ اس دوران انھوں نے کہا کہ حال کے دنوں میں مختلف مذاہب کے کئی اہم تہواروں کا انعقاد ہوا۔ یہ اچھی بات ہے کہ پوری ریاست میں امن اور خیر سگالی کا ماحول بنا رہا۔ سامنے کھڑے چیلنجز کے تئیں بھی یوگی آدتیہ ناتھ نے افسران کو آگاہ کیا اور کہا کہ آنے والے دنوں میں کئی اہم تہوار ہیں، رمضان کا مہینہ چل رہا ہے، عید کا تہوار ہے اور اکشے ترتیا بھی اسی دن ہونے کا امکان ہے۔ اس ماحول کو دیکھتے ہوئے پولیس کو زیادہ مستعد اور حساس رہنا ہوگا۔


تھانہ انچارج سے لے کر اے ڈی جی تک سے کہا گیا ہے کہ وہ آئندہ 24 گھنٹے کے اندر اپنے اپنے علاقوں میں مذہبی پیشواوؤں، سماج کے دیگر معزز حضرات کے ساتھ بات چیت کر لیں۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے ہدایت جاری کر دی ہے کہ تھانہ انچارج، سی او اور پولیس کپتان سے لے کر ضلع مجسٹریٹ، ڈویژنل کمشنر تک سبھی ایڈمنسٹریٹو پولیس افسران کی 4 مئی تک کی چھٹی فوری اثر سے ختم ہوں گی۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے یہ بھی کہا کہ تحصیلدار، ایس ڈی ایم، تھانہ انچارج ہو یا سی او، سبھی افسران اپنی تعیناتی والے علاقے میں ہی رات گزاریں۔ سرکاری رہائش ہے تو وہاں رہیں یا پھر کرایہ کا گھر لیں، لیکن رات میں بھی وہ اپنے تعیناتی والے علاقے میں ہی رہیں۔ اس نظام پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔