سونیا گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ ختم

ای ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سطح کے افسران نے سونیا گاندھی سے نیشنل ہیرالڈ معاملے میں پوچھ تاچھ کی، اس دوران کانگریس پارٹی نے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

سونیا گاندھی، تصویر یو این آئی
سونیا گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

کانگریس صدر سونیا گاندھی سے آج ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) کی پوچھ تاچھ ختم ہو گئی ہے۔ آج سونیا گاندھی سے ای ڈی افسران نے دو گھنٹے سے بھی کم پوچھ تاچھ کی، اور پھر انھیں لنچ بریک دیا گیا۔ شروع میں ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ انھیں دوبارہ پوچھ تاچھ کے لیے بلایا جا سکتا ہے، لیکن ای ڈی افسران نے کہا کہ ان سے آج کی پوچھ تاچھ پوری ہو گئی ہے۔ سونیا گاندھی کے ہیلتھ ایشوز کو دیکھتے ہوئے ان سے آج کچھ ہی دیر پوچھ تاچھ کی گئی۔

آج سونیا گاندھی اپنی بیٹی پرینکا گاندھی واڈرا کے ساتھ ای ڈی فتر پہنچی تھیں۔ جانچ ایجنسی نے پرینکا کو وہاں رکنے کی اجازت دے دی ہے۔ ای ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سطح کے افسران نے سونیا گاندھی سے نیشنل ہیرالڈ معاملے میں پوچھ تاچھ کی۔ اس دوران کانگریس پارٹی نے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کانگریس کے سرکردہ لیڈران و کارکنان کے ذریعہ راجدھانی دہلی کے ساتھ ساتھ ملک کی کئی ریاستوں میں ای ڈی کی اس کارروائی کے خلاف مظاہرے ہوئے۔ اس دوران کرناٹک میں کار نذرِ آتش کیے جانے اور دہلی کے شیواجی برج پر تین ٹرینیں روکے جانے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔


کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے پانچ دنوں تک ای ڈی کی پوچھ تاچھ کے بعد اب کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ہو رہی پوچھ تاچھ پر کانگریس کے کئی سرکردہ لیڈروں نے آواز اٹھائی ہے۔ کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد کا کہنا ہے کہ ایک کنبہ کے دو اراکین کو بار بار طلب کرنا غلط ہے، وہ بھی ایک ہی معاملے میں۔ انھوں نے مزید کہا کہ جہاں تک کانگریس لیڈران و کارکنان کی گرفتاری کا سوال ہے، انھوں نے نظامِ قانون کے خلاف کچھ بھی نہیں کیا، ہمیں مظاہرہ کرنے کا حق ہے اور سبھی اس کا استعمال کر رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔