ڈرگس کیس: آرین خان سمیت 8 ملزمین کو 14 دنوں کی عدالتی حراست میں بھیجا گیا

ملزمین کو این سی بی حراست میں بھیجنے کا مطالبہ کیے جانے پر آرین خان کے وکیل ستیش مانشندے نے پوچھا کہ آرین خان، ارباز مرچنٹ اور ارچت کمار کو ساتھ میں بٹھا کر بدھ کو پوچھ تاچھ کیوں نہیں کی گئی؟

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کے لیے مشکلیں کم ہوتی ہوئی نظر نہیں آ رہی ہیں۔ کروز ریو پارٹی معاملے میں آج ممبئی کی ایک عدالت نے آرین خان سمیت 8 ملزمین کو 14 دنوں کی عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔ اس سے قبل سماعت کے دوران نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے آرین خان سمیت 8 لوگوں کی 11 اکتوبر تک کے لیے حراست مانگی تھی، لیکن اسے قبول نہیں کیا گیا۔ عدالت نے ملزمین کو این سی بی کی جگہ عدالتی حراست میں بھیجنے کا فیصلہ سنایا۔ این سی بی کے وکیل انل سنگھ نے کہا کہ این سی بی نے گرفتار کیے گئے ارچت کمار سے پوچھ تاچھ میں آرین خان اور ارباز مرچنٹ کا نام لیا ہے۔ ایسے میں سبھی کو ساتھ بٹھا کر پوچھ تاچھ کرنا ضروری ہے۔

این سی بی کے مطالبہ پر آرین خان کے وکیل ستیش مانشندے نے سوال کیا کہ آرین خان، ارباز مرچنٹ اور ارچت کمار کو ساتھ میں بٹھا کر بدھ کو پوچھ تاچھ کیوں نہیں کی گئی، ارچت کمار کی گرفتاری تو ہو چکی تھی؟ انھوں نے یہ بھی سوال کیا کہ ’’پانچ دنوں کی کسٹڈی میں رہنے اور پوچھ تاچھ کے دوران کوئی بات سامنے نہیں آئی، تب این سی بی کو پھر سے آرین کی کسٹڈی کیوں چاہیے؟ آگے اگر این سی بی کو کچھ جانچ میں ملتا ہے تو آرین کو پھر بلا سکتی ہے۔‘‘


این سی بی کے وکیل ادویت ادویت سیٹھنا نے ڈرگس کیس سے جڑے ایک دیگر معاملے کی سماعت کے دوران بھی دعویٰ کیا کہ پوئی میں پکڑے گئے ملزم ارچت کمار سے آرین کے نیکسس ملے ہیں۔ آمنے سامنے پوچھ تاچھ کرنی ہے، اس لیے آرین کو این سی بی کی حراست میں بھیجنے کا فیصلہ کیا جائے۔ سیٹھنا نے کہا کہ ارچت کمار کے گھر سے 2.6 گرام گانجا ضبط کیا گیا ہے۔ حالانکہ ارچت کے وکیل نے این سی بی کے دعویٰ کو جھوٹا قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ گرفتاری غیر قانونی ہے، میرے پاس سی سی ٹی وی ہے جسے میں ریکارڈ پر رکھنے جا رہا ہوں۔

واضح رہے کہ خفیہ جانکاری کی بنیاد پر این سی بی کی ایک ٹیم نے اپنے علاقائی ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کی قیادت میں 2 اکتوبر کی شام کو گوا جانے والے ’کارڈیلیا کروز‘ پر چھاپہ ماری کی تھی۔ اس چھاپہ ماری میں کچھ لوگوں کے پاس سے نشیلی اشیاء برآمد کی گئی تھی۔ این سی بی کا کہنا ہے کہ چھاپہ ماری میں 13 گرام کوکین، 5 گرام ایم ڈی (میفوڈرون)، 21 گرام چرس اور ایکسٹیسی کی 22 گولیاں اور 1.33 لاکھ روپے نقد ضبط کیے گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔