دیویندر یادو نے روہنی کی 800 جھگیوں میں آگ لگنے کے معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا کیا مطالبہ

دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ ’’روہنی سیکٹر-17 کی 800 جھگیاں جل کر خاک ہو گئیں، اس حادثے میں 2 بچوں کی دردناک موت ہو گئی جب کہ 5 لوگ بری طرح جھلس گئے ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو</p></div>

دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے افسوس اور تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’روہنی سیکٹر-17 کی 800 جھگیاں جل کر خاک ہو گئیں، اس حادثے میں 2 بچوں کی دردناک موت بھی ہو گئی جب کہ 5 لوگ بری طرح جھلس گئے ہیں۔‘‘ انہوں نے بی جے پی حکومت پر جم کر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ آگ لگنے کی وجہ سے تقریباً 8000 لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے اب تک متاثرین کے لیے کوئی انتظام نہ کرنا مکمل طور سے ان کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔ کیونکہ بی جے پی انتخاب سے قبل ان جھگیوں میں جا کر ووٹ لینے کی لالچ میں ان سے بڑے بڑے وعدے کیے تھے۔

دیویندر یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت دہلی میں لاکھوں جھگی-جھونپڑی والوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔ روہنی میں تو آگ لگنے کی وجہ سے ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ لیکن اس سے قبل بی جے پی حکومت الگ الگ جگہوں پر جھگی والوں کو بے گھر کر رہی ہے۔ دیویندر یادو نے کہا کہ روہنی میں اتنے بڑے پیمانے پر جو جھگیوں میں آگ لگی ہے اس کی ریکھا گپتا حکومت کو اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانی چاہیے۔ کیونکہ اس شدید آگ میں 2 بچیوں کی جل کر دردناک موت ہو گئی ہے اور 5 لوگ شدید طور پر زخمی ہو گئے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے حکومت سے متاثرین کو فوری طور پر مناسب معاوضہ دینے کی بات کہی ہے۔


دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس حکومت نے کالکاجی میں جہاں جھگی وہاں مکان کے طرز پر جھگی والوں کو محفوظ اور منظم مکان بنا کر دیا تھا۔ لیکن عام آدمی پارٹی اور بی جے پی حکومت نے جھگی والوں کے لیے تعمیر کیے گئے ان-سیٹو فلیٹس ان کو دینے کے بجائے سیاست میں مشغول ہو گئے۔ وزیر اعظم نے کالکاجی اور وزیر پور میں صرف لوگوں کو چابی دیا، لیکن ابھی تک ان لوگوں کو فلیٹ نہیں دیے گئے ہیں۔ بی جے پی جھگی والوں سے کیے گئے وعدوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔

دیویندر یادو نے بی جے پی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخاب میں دہلی بی جے پی صدر اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈران جھگی والوں سے صرف دکھاوے اور ووٹ کے حصول کے لیے ملاقاتیں کیں۔ اس دوران ان لیڈران نے ان جھگی والوں کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کرنے کی باتیں کہیں تھیں۔ لیکن حالیہ دنوں میں ریکھا گپتا حکومت کا واحد ایجنڈا جھگی-جھونپڑی والوں کو بے گھر کرنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔