گھنے کہرے سے دہلی ہوائی اڈے پر پروازیں متاثر، مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری
گھنے کہرے اور حد نگاہ میں کمی کے باعث متعدد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار رہیں۔ دہلی ہوائی اڈے نے مسافروں کو ایئرلائن سے تازہ معلومات حاصل کرنے اور اضافی وقت رکھ کر سفر کرنے کی ہدایت دی

نئی دہلی: شمالی ہندوستان میں سردیوں کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی گھنے کہرے نے فضائی آمد و رفت کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ دہلی سمیت کئی بڑے شہروں میں صبح کے اوقات میں حدِ نگاہ انتہائی کم ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث پروازوں کے شیڈول میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنی پڑیں۔ دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جمعرات کو متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، کچھ کو منسوخ کرنا پڑا جبکہ کئی پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں کی طرف موڑ دیا گیا۔
دہلی ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے مسافروں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گھنے کہرے کے سبب اس وقت پروازیں سی اے ٹی-3 کنڈیشن میں چل رہی ہیں، جس کا براہِ راست اثر لینڈنگ اور ٹیک آف پر پڑتا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ تال میل کے ذریعے مسافروں کو ہونے والی دقت کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم حالات کے پیش نظر تاخیر یا رکاوٹ کا امکان برقرار ہے۔
انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کی تازہ صورتِ حال معلوم کریں اور ہوائی اڈے پہنچنے کے لیے اضافی وقت رکھیں۔ بیان میں کسی بھی طرح کی پریشانی پر افسوس کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق چند مخصوص پروازیں کہرے کے باعث منسوخ کی گئیں جبکہ کچھ پروازوں کو دہلی یا دیگر قریبی ہوائی اڈوں کی طرف ڈائیورٹ کرنا پڑا۔ اس صورتحال کا اثر صرف دہلی تک محدود نہیں رہا بلکہ چنڈی گڑھ، لکھنؤ، امرتسر اور جئے پور جیسے شہروں میں بھی پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔
محکمۂ موسمیات نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں صبح کے وقت گھنا کہرا چھا سکتا ہے۔ محکمہ کے مطابق آنے والے دنوں میں بھی شمالی علاقوں میں حدِ نگاہ کم رہنے کا امکان ہے، جس سے نہ صرف فضائی بلکہ سڑک اور ریل آمد و رفت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
ہوائی اڈے کے حکام نے واضح کیا ہے کہ مسافروں کی رہنمائی اور مدد کے لیے ٹیمیں مسلسل متحرک ہیں اور جیسے ہی موسم بہتر ہوگا، پروازوں کو معمول پر لانے کی کوشش کی جائے گی۔ مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔