دھند کی وجہ سے ہنددوستان-جنوبی افریقہ کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ بغیر ٹاس کے منسوخ
ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ لکھنؤ کے ایکنا اسٹیڈیم میں دھند کے باعث ٹاس بھی نہ ہو سکا۔
ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ لکھنؤ کے ایکنا اسٹیڈیم میں دھند کے باعث ٹاس بھی نہ ہو سکا ۔ ہندوستان کو پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔ میچ شام 7 بجے شروع ہونا تھا لیکن امپائرز نے ڈھائی گھنٹے تک انتظار کیا اور حالات کی خرابی کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا۔
چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ لکھنؤ کے ایکنا اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا۔ پانچ اوورز کے میچ کا کٹ آف ٹائم رات 9 بجکر 46 منٹ پر تھا لیکن امپائرز نے اس سے 16 منٹ قبل اپنا حتمی فیصلہ کیا۔ سردیوں کے موسم میں، شمالی ہندوستانی ریاستوں میں خاص طور پر صبح اور رات میں دھند چھائی رہتی ہے۔ ہندوستان بمقابلہ جنوبی افریقہ چوتھا ٹی ٹوئنٹی موسم کا شکار ہو گیا۔
غور طلب ہے کہ لکھنؤ میں دن کے وقت موسم خوشگوار تھا، لیکن جیسے ہی میچ قریب آیا، ایک گھنے کہرے نے آسمان کو گھیر لیا۔ لکھنؤ میں اسموگ کی بلند سطح کی وجہ سے اسکول کھلنے کے اوقات میں توسیع کردی گئی ہے۔ پہلی سے بارہویں جماعت کے اسکول صبح 9 بجے شروع ہوں گے۔
غور طلب ہے کہ ہندوستان اس ٹی ٹوئنٹی سیریز کو ہارنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ سیریز میں صرف ایک میچ باقی ہے، سیریز زیادہ سے زیادہ 2-2 کی برابری پر ختم ہوسکتی ہے۔ فی الحال، ٹیم انڈیا سیریز میں 2-1 سے آگے ہے۔ پانچواں ٹی ٹوئنٹی میچ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ہندوستان نے سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 101 رنز کے بڑے مارجن سے جیتا تھا۔ دوسرے میچ میں ہندوستانی بیٹنگ فلاپ رہی، 214 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہندوستان نے زبردست واپسی کی اور افریقی ٹیم کو 117 رنز پر ڈھیر کردیا۔ ہندوستان نے یہ میچ سات وکٹوں سے جیت کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔