دیوالی پر ’گیس چیمبر‘ بنا دہلی این سی آر، اے کیو آئی 550 سے پار، نریلا اور غازی آباد میں صورت حال سنگین
دیوالی پر دہلی این سی آر کی فضا انتہائی آلودہ ہو گئی۔ نریلا میں اے کیو آئی 551 اور مجموعی سطح 531 ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین نے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور ماسک استعمال کرنے کا مشورہ دیا

نئی دہلی: دیوالی کے موقع پر دہلی این سی آر کی فضا خطرناک حد تک آلودہ ہو گئی ہے اور قومی راجدھانی ’گیس چیمبر‘ میں تبدیل ہو چکی ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق، دیوالی کے روز دہلی میں ہوا کا معیار ’بہت خراب‘ سے ’انتہائی سنگین‘ سطح تک پہنچ گیا۔ شہر کے 38 مانیٹرنگ مراکز میں سے 34 نے آلودگی کی سطح کو ’سرخ زون‘ میں درج کیا۔
اس وقت دہلی کا اوسط فضائی معیار انڈیکس (اے کیو آئی) 531 ہے، جو انسانی صحت کے لیے نہایت خطرناک ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ سطح سانس، دل اور آنکھوں سے متعلق بیماریوں میں اضافہ کرسکتی ہے۔
دہلی کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کے اعداد و شمار خاصے تشویشناک ہیں۔ نریلا میں اے کیو آئی 551 تک جا پہنچا، جو سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ اشوک وہار میں یہ 493، آنند وہار میں 394، جبکہ دہلی سے متصل نوئیڈا میں 369 اور غازی آباد میں 402 درج ہوا، جو ’بہت خراب‘ زمرے میں آتا ہے۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ این سی آر کی ہوا تیزی سے زہریلی ہو رہی ہے۔
خیال رہے کہ 400 سے زائد اے کیو آئی کو ’سنگین‘ تصور کیا جاتا ہے، جو صحت مند افراد کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ بچوں، بزرگوں اور سانس یا دل کے امراض میں مبتلا لوگوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے اور این 95 ماسک کے استعمال کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق، فی الحال دہلی اور این سی آر کا موسم ماحولیاتی لحاظ سے سازگار نہیں ہے۔ کم رفتار ہوا اور بڑھتا ہوا درجۂ حرارت آلودگی کے اثرات کو مزید بڑھا رہا ہے۔ صبح کے وقت کہیں کہیں ہلکے بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔ دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 20 سے 22 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے، جو عام دنوں کے مقابلے قدرے زیادہ ہے۔
ہوا کی رفتار بھی آلودگی کو قابو میں لانے میں ناکافی ثابت ہو رہی ہے۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق صبح کے وقت جنوبی مشرقی سمت سے صرف پانچ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی، جو شام اور رات میں آٹھ کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم رہے گی۔ کم رفتار ہوا کی یہی صورتِ حال اسموگ اور زہریلے ذرات کو فضا میں معلق رکھتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دہلی این سی آر کے درجۂ حرارت میں کوئی خاص فرق نہیں آیا۔ ماہرین نے واضح کیا ہے کہ جب تک تیز ہوائیں یا بارش نہیں ہوتی، آلودگی کی شدت میں کمی کا امکان بہت کم ہے۔ اس وقت دہلی این سی آر کی فضا شہریوں کے لیے خطرے کی علامت بن چکی ہے اور فوری اقدامات نہ کیے گئے تو صحت عامہ پر اس کے سنگین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔