دیوالی سے پہلے فضا ہوئی زہریلی، مستقل 4 دنوں سے دہلی-این سی آر کی ہوا ’خراب‘ زمرہ میں
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق امکان ہے کہ پیر سے ہوا ’انتہائی خراب‘ زمرے میں پہنچ جائے گی۔ ایسی صورت میں سانس کے مریضوں کے لیے دشواریاں بڑھ سکتی ہیں۔

راجدھانی دہلی میں دیوالی کی چمک دمک آلودگی کی وجہ سے ماند پڑتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ مسلسل 4 دنوں سے ’خراب‘ زمرہ میں برقرار رہنے والی ہوا نے دہلی-این سی آر کے لوگوں کی دیوالی کا مزہ ایک طرح سے پھیکا کر دیا ہے۔ جمعہ کے روز دہلی کی فضا ایک بار پھر زہریلی نظر آئی جب ہوا کا معیار یعنی اے کیو آئی 254 ریکارڈ کیا گیا، جو کہ ’خراب‘ زمرہ میں ہی آتا ہے۔ یہ جمعرات کے مقابلہ میں 9 پوائنٹس زیادہ ہے۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق امکان ہے کہ پیر سے ہوا ’انتہائی خراب‘ زمرے میں پہنچ جائے گی۔ ایسی صورت میں سانس کے مریضوں کے لیے دشواریاں بڑھ سکتی ہیں۔ ڈاکٹروں نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ ماسک پہنیں اور بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔ سی پی سی بی کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جمعہ کو کئی علاقوں میں ہوا ’انتہائی خراب‘ زمرہ میں ریکارڈ کی گئی۔ ان میں آنند وہار میں 360، وزیرپور میں 343، جہاںگیرپوری میں 331، بوانا میں 309 اور نارتھ کیمپس میں 303 اے کیو آئی درج کیا گیا۔
دی گئی جانکاری کے مطابق دہلی-این سی آر میں غازی آباد بھی آلودہ شہروں میں شمار کیا جا رہا ہے، جہاں 306 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔ یہ بھی ’انتہائی خراب‘ زمرہ میں آتا ہے۔ سب سے کم آلودہ شہر فرید آباد رہا، جہاں اے کیو آئی 105 درج کیا گیا، جو ’درمیانی‘ زمرے میں شمار ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ نوئیڈا میں 278، گڑگاؤں میں 266 اور گریٹر نوئیڈا میں 246 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔