دیوالی کے موقع پر دہلی کی ہوا کا معیار کافی بگڑ نے کا خدشہ، پٹاخے کثرت سے پھوڑے گئے

دہلی کی ہوا کا معیار دن کے وقت خراب ہوا اور رات کے وقت پٹاخے پھٹنے کی وجہ سے منگل اور بدھ کو 'شدید' زمرے میں پہنچنے کی امید ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

قومی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں لوگوں نے پیر  یعنی 20 اکتوبرکو بڑے جوش و خروش کے ساتھ دیوالی منائی۔ عمارتوں کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا اور گھروں میں مٹی کے چراغ روشن کیے گئے۔ روشنیوں کے تہوار کے موقع پر لوگوں نے مندروں میں پوجا کی۔ اس سال ماحول دوست سبز پٹاخوں کے استعمال کی اجازت دینے کی سپریم کورٹ کی منظوری کے بعد، شرائط کے ساتھ، قومی راجدھانی میں بڑی تعداد میںسبز  پٹاخے پھوڑے گئے۔

دہلی میں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف سبز پٹاخوں کا استعمال کرکے شہر کو آلودگی سے بچائیں۔ ہوا کے خراب معیار کی وجہ سے، انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ روایتی طریقوں سے دئے روشن کر کے، رنگولی بنا کر اور مٹھائیاں تقسیم کر کے تہوار منائیں۔


دہلی کی ہوا کا معیار دن کے وقت خراب ہوا اور رات کو پٹاخے پھوڑنے کی وجہ سے منگل اور بدھ کو 'شدید' زمرے میں پہنچنے کی امید ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، شہر کا 24 گھنٹے کا اوسط ہوا کا معیار یعنی  ایئر کوالٹی انڈیکس 345 ریکارڈ کیا گیا، جو 'انتہائی ناقص' زمرے میں آتا ہے۔ اتوار کو، اے کیو آئی 326 پر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ہر روز شام 4 بجے ہوا کے معیار کا انڈیکس ریکارڈ کیا جاتا ہے۔

آلودگی کے بارے میں بی جے پی کے رکن اسمبلی یوگیندر چندولیا نے کہا، "دہلی حکومت آلودگی پر قابو پانے کے لیے لگاتار کام کر رہی ہے۔ جب بی جے پی اپوزیشن میں تھی، تب بھی انھوں نے آلودگی کے معاملے پر دہلی حکومت کو خبردار کیا تھا۔ عام آدمی پارٹی کی حکومت نے 11 سالوں میں دہلی کی سڑکوں کی حالت خراب کر دی ہے اور دریائے یمنا کی صفائی کے لیے مختص کروڑوں روپے کا غلط استعمال کیا ہے۔" یوگیندر چندولیا نے مزید کہا، "پہلا سال مشکل ہو سکتا ہے، لیکن دہلی حکومت مستقبل میں آلودگی کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم نے یمنا کی صفائی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں اور اس کے لیے بڑے پیمانے پر کام کیا جا رہا ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔