دہلی میں کروڑوں کے زیورات کی چوری، گھر کا ڈرائیور ہی نکلا ملزم، گرفتار
پولیس نے ملزم کے پاس سے 4 کروڑ روپے مالیت کے ہیرے اور سونے کے زیورات اور لگژری گھڑیاں برآمد کی ہیں۔ دہلی سے چوری کرنے کے بعد ملزم نے ان زیورات کو راجستھان پہنچنے کے بعد چھپا دیا تھا

دہلی کے آنند نکیتن میں ایک گھر سے کروڑوں روپے کے زیورات کی چوری کا معاملہ پولیس نے حل کر نے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ گھر کے ڈرائیور نے ہی چوری کی واردات کو انجام دیا تھا۔ تکنیکی اور مینول نگرانی کا استعمال کرتے ہوئے پولیس نے ملزم مہندر دان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے پاس سے 4 کروڑ روپے مالیت کے ہیرے، سونے کے زیورات اور لگژری گھڑیاں برآمد کی ہیں۔ دہلی سے چوری کرنے کے بعد ملزم نے راجستھان جا کر کروڑوں کے زیورات چھپا دئے تھے۔
دہلی پولیس کی جانچ کے دوران فنگر پرنٹس سے چوری کی پوری سازش کی قلعی کھل گئی۔ چوری کی واردات نوراتری کے دوران ہوئی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ڈرائیور نے مالکن کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھایا۔ وہ 4 سال سے ڈیوٹی کے دوران مالک کے گھر کی سرگرمیوں پر نظر رکھ رہا تھا۔
راجدھانی کے شاہدرہ واقع ملزم کے کرائے کے گھر سے دو سونے کے بسکٹ بھی برآمد ہوئے ہیں۔ وہیں پولیس نے چھاپہ مار کر ملزم کو راجستھان کے ناگور سے گرفتار کیا۔ مجموعی طور پر 12 قیمتی اشیاء برآمد کی گئی ہیں جن میں ڈائمنڈ سیٹ، بریسلیٹ، 4 پریمیم برانڈ کی گھڑیاں اور سونے کے بسکٹ شامل ہیں۔