دہلی پر دیش کانگریس صدر چودھری انل کمار نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا کیا دورہ، ضرورت مندوں میں کھانے کی تقسیم

چودھری انل کمار نے کہا کہ دہلی کانگریس سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قائم راحت کیمپوں میں متاثرہ لوگوں کو دن میں دو وقت کا کھانا، پانی اور صبح کی چائے بلاناغہ فراہم کر رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سیلاب متاثرین میں کھانے کی تقسیم کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار</p></div>

سیلاب متاثرین میں کھانے کی تقسیم کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار

user

محمد تسلیم

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی دہلی کے انچارج دیپک بابریا نے آج سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ ان علاقوں میں شمالی دہلی میں جمنا کے قریبی علاقے میور وہار فیز ون میٹرو اسٹیشن اور جنوبی دہلی جیت پور گاﺅں وشوکرما کالونی شامل ہے۔ دورے کے دوران متاثرین سے تفصیلی بات چیت کی گئی اور وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد پتہ چلا کہ دہلی حکومت ریلیف کیمپوں اور دیگر مقامات پر رہنے والے لوگوں کو کسی بھی طرح کی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔

اس موقع پر چودھری انل کمار نے کہا کہ دہلی کانگریس سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قائم راحت کیمپوں میں متاثرہ لوگوں کو دن میں دو وقت کا کھانا، پانی اور صبح کی چائے بلاناغہ فراہم کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ ضرورت مند لوگوں کو خشک راشن، ادویات اور دیگر ضروری اشیاءبھی دی جارہی ہیں۔ آج متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کانگریس کارکنان نے بڑی تعداد میں ضرورت مند لوگوں میں پکا ہوا کھانا تقسیم کیا ہے۔

دہلی پر دیش کانگریس صدر چودھری انل کمار نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا کیا دورہ، ضرورت مندوں میں کھانے کی تقسیم

چودھری انل نے بتایا کہ دہلی کانگریس غریبوں میں راشن تقسیم کرنے کا کام اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک یہ لوگ اپنے گھر نہیں لوٹ جاتے۔ چودھری انل کمار نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو حکومت کی طرف سے معاوضہ دلانے کے لیے کانگریس کارکنان سروے کر رہے ہیں اور متاثرہ لوگوں سے ایک فارم بھروائے جا رہے ہیں، جس میں ان کی مکمل معلومات، خاندان کے اراکین کی تعداد اور ان کے نقصانات کی تفصیل لکھی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر سیلاب متاثرین کی تفصیلات جمع کرنے کے بعد دہلی کانگریس انہیں دہلی کے وزیر اعلیٰ اور متعلقہ محکمے کو بھیجے گی تاکہ دہلی حکومت کی طرف سے ان کو مناسب معاوضہ دلوایا جائے، تاکہ یہ غریب لوگ اپنی زندگی شروع کر سکیں۔

چودھری انل کمار نے کہا کہ کانگریس کارکنان سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں دکانداروں، گوداموں، فیکٹریوں اور ورک شاپ کے مالکان سے بھی ان کے نقصان کے بارے میں معلومات جمع کر رہے ہیں تاکہ دہلی حکومت سے انہیں مناسب معاوضہ دلوایا کیا جا سکے۔


دہلی انچارج دیپک بابریا نے کہا کہ 13 جولائی سے دہلی حکومت سیلاب متاثرین کو راحت دینے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ گزشتہ دنوں پانی کم ہونے کی وجہ سے لوگوں کو معمولی راحت ملی تھی، لیکن ایک بار پھر جمنا کی آبی سطح میں ہوئے اضافے نے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت حالات کا معائنہ کیے بغیر بیان جاری کر رہی ہے کہ سب کچھ قابو میں ہے، جبکہ اصل صورتحال خطرے سے باہر نہیں ہے۔

دیپک بابریا نے کہا کہ حکومت راحت کیمپوں میں مقیم سیلاب متاثرین کو خوراک، پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنان کی ٹیم شروع سے ہی متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے میں لگی ہوئی ہے اور جب تک لوگ اپنے گھروں کو واپس نہیں پہنچ جاتے، ہمارے کارکنان متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے امدادی کام جاری رکھیں گے۔


علاقوں کا دورہ کرنے والوں میں ریاستی صدر چودھری انل کمار اور دہلی انچارج دیپک بابریا کے علاوہ سابق رکن پارلیمنٹ رمیش کمار، سابق ریاستی صدر اروندر سنگھ لولی، سابق وزیر ڈاکٹر نریندر ناتھ، کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین اور سابق ایم ایل اے انل بھاردواج، سابق ایم ایل اے وجے لوچو، آصف محمد خان، ضلع صدر ایڈوکیٹ دنیش کمار اور وشنو اگروال، سابق کونسلر ودیا دیوی، ریاستی ترجمان ڈاکٹر نریش کمار، کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے نائب چیئرمین انوج، ڈاکٹر ہردت شرما، سوشل میڈیا چیئرمین ہدایت اللہ، ساؤتھ انڈین سیل کے چیئرمین راجیو جوزف، بلاک صدور اور کانگریس کارکنان بھی موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔