’گجرات بن رہا منی جاپان‘، پی ایم مودی نے راجکوٹ میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا کیا افتتاح

پی ایم مودی نے کہا کہ ’’جب میں وزیر اعلیٰ تھا تب میں نے کہا تھا کہ گجرات تو منی جاپان بن رہا ہے، تب بہت لوگوں نے میرا مذاق اڑایا تھا، لیکن آج وہ الفاظ آپ نے سچ کر کے دکھا دیا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو گجرات کے راجکوٹ شہر کے پاس ایک بین الاقوامی ہوائی ادے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپندر بھائی پٹیل، مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی جیوترادتیہ سندھیا سمیت بی جے پی کے کئی سینئر لیڈر موجود رہے۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ گجرات کا پہلا گرین فیلڈ ہوائی ادہ ہے اور اسے 1405 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا ہے۔ راجکوٹ سے تقریباً 30 کلومیٹر دور ہیراسر گاؤں میں واقع یہ سنٹر 1025.50 ہیکٹیر (2534 ایکڑ) میں پھیلا ہوا ہے جس میں سے انڈین ایئرپورٹ اتھارتی نے 1500 ایکڑ علاقہ میں ہوائی اڈے کی تعمیر کی ہے۔

گجرات کے دو روزہ دورے پر پہنچے وزیر اعظم نریندر مودی نے راجکوٹ شہر کے ریس کورس میدان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج راجکوٹ کے ساتھ ساتھ پورے گجرات اور سوراشٹر کے لیے بڑا دن ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ ’’جب میں وزیر اعلیٰ تھا تب میں نے کہا تھا کہ گجرات تو منی جاپان بن رہا ہے۔ تب بہت لوگوں نے میرا مذاق اڑایا تھا، لیکن آج وہ الفاظ آپ نے سچ کر کے دکھا دیا۔ یہاں کے کسانوں کے لیے اب پھل-سبزیوں کو بیرون ملک بھیجنا آسان ہو جائے گا۔ راجکوٹ کو صرف ایک ہوائی اڈہ نہیں بلکہ نئی توانائی، نئی پرواز دینے والا ایک پاورہاؤس ملا ہے۔‘‘


بہرحال، آج راجکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متعلق جو سرکاری نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، اس میں بتایا گیا ہے کہ اس میں 3040 میٹر (3.04 کلومیٹر) طویل اور 45 میٹر چوڑا رَنوے ہے جہاں کسی بھی پوائنٹ پر 14 طیارے پارک کیے جا سکتے ہیں۔ اکتوبر 2017 میں پی ایم مودی نے راجکوٹ شہر کے پاس ہیراسر گاؤں میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا بھومی پوجن کیا تھا۔ آج ہوائی اڈے کا افتتاح کرنے کے بعد پی ایم مودی نے احاطہ میں تھوڑی دیر سیر کی اور افسران سے وہاں موجود سہولیات اور تکنیکی پہلوؤں کی جانکاری لی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔