دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل نے ذاتی وجوہات کی بنا پر دیا استعفیٰ

انل بیجل نے بدھ کے روز دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر عہدہ سے استعفیٰ دے دیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ بیجل نے ذاتی وجوہات کو حوالہ بناتے ہوئے اپنا استعفیٰ نامہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو سونپ دیا۔

انل بیجل، تصویر آئی اے این ایس
انل بیجل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے لیفٹیننٹ انل نے بدھ کے روز اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیجل نے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو اپنا استعفیٰ نامہ سونپ دیا۔ سابق آئی اے ایس افسر بیجل کو 31 دسمبر 2016 کو قومی راجدھانی کا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا گیا تھا۔ انھوں نے نجیب جنگ کی جگہ لی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر ان کی مدت کار کے 5 سال 31 دسمبر 2021 کو پورے ہو گئے تھے۔ حالانکہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کی مدت کار طے نہیں ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ انل بیجل کی مدت کار میں دہلی کی کیجریوال حکومت سے کئی بار تکرار کی خبریں سامنے آئیں۔ محکمہ صحت سے جڑے معاملے میں بھی لیفٹیننٹ گورنر سے حکومت کی چپقلش ہوئی تھی۔ وزیر ستیندر جین کی جگہ خود وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ایل جی انل بیجل کو خط لکھ کر سرکاری اسپتالوں میں اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے کی اپیل کی تھی۔


اے جی ایم یو ٹی (اروناچل پردیش، گوا، میزورم اور مرکز کے زیر انتظام خطے) کیڈر کے 1969 بیچ کے آئی اے ایس افسر بیجل نے 31 دسمبر 2016 سے 18 مئی 2022 تک پانچ سال اور چار ماہ کی مدت کے لیے دہلی کے 21ویں لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر کام کیا۔ بیجل نے اٹل بہاری واجپئی حکومت کے دوران مرکزی داخلہ سکریٹری کے طور پر بھی کام کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔