وارانسی میں وکلا کی ہڑتال کے سبب گیان واپی معاملہ کی سماعت ملتوی

سپریم کورٹ نے وارانسی کے ضلع مجسٹریٹ کو گیان واپی-شرنگار گوری کمپلیکس کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ گیان واپی کے وضو خانہ سے مبینہ 'شیولنگ' برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

گیان واپی مسجد
گیان واپی مسجد
user

قومی آوازبیورو

وارانسی: وارانسی میں وکلا کی ہڑتال کی وجہ سے گیان واپی مسجد کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی ہے۔ سماعت کی نئی تاریخ کا اعلان عدالت جلد کرے گی۔ واضح رہے کہ آج نئے سروے کے لیے دیوار گرانے اور ملبہ ہٹانے کی درخواست کی سماعت ہونی تھی۔ سپریم کورٹ اور وارانسی کورٹ نے منگل کے روز اس معاملے میں اہم فیصلے سنائے تھے۔

سپریم کورٹ نے وارانسی کے ضلع مجسٹریٹ کو گیان واپی-شرنگار گوری کمپلیکس کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ گیان واپی کے وضو خانہ سے مبینہ 'شیولنگ' برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس دوران عدالت نے مزید کہا کہ مسلمانوں کے مسجد میں نماز پڑھنے کے حق کو متاثر کیے بغیر ایسا کیا جانا چاہیے۔


سپریم کورٹ نے وارانسی عدالت کے اس حکم پر روک لگا دی جس میں مسجد کے مخصوص حصہ کو سیل کرنے اور لوگوں کے داخلے پر پابندی لگانے کی ہدایت دی گئی تھی۔ وارانسی کی عدالت نے متنازعہ مقام کا ویڈیو گرافی سروے کرنے والی ٹیم سے رپورٹ درج کرنے کو کہا ہے۔

عدالت نے ایڈوکیٹ کمشنر اجے مشرا کو اپنے فرائض کے تئیں غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے پر برطرف کر دیا ہے۔ اجے مشرا پر سروے کے دوران میڈیا کو معلومات لیک کرنے اور اپنے ذاتی کیمرہ مین کو تعینات کرنے کا الزام ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔