دہلی میں ہوم کوارنٹائن افراد کو کیجریوال حکومت دے گی آکسیجن پلس میٹر

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے میڈیا کو بتایا کہ آج جہاں 6200 بیڈ مریضوں سے بھرے ہوئے ہیں تو 7000 بیڈ خالی بھی ہیں۔ کچھ دنوں کے لیے حالات مشکل ہوئے تھے لیکن اب بیڈ کی کمی نہیں ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی میں لگاتار کورونا وائرس کے معاملے بڑھ رہے ہیں۔ کورونا متاثر ریاستوں میں دہلی دوسرے مقام پر ہے۔ اس درمیان ایک بار پھر وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی حکومت انفیکشن والے مریضوں کو راحت دینے کے لیے قدم اٹھا رہی ہے۔ انھوں نے پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "گزشتہ دنوں میں ہم نے ٹیسٹنگ تین گنا کر دی ہے۔ پہلے تقریباً 5 ہزار ٹیسٹ روزانہ کیے جاتے تھے، اب تقریباً 18 ہزار ٹیسٹ روز ہو رہے ہیں۔"

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ "آج ہم چین کے خلاف دو جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہند-چین سرحد پر اور چین سے آئے وائرس کے خلاف۔ ہمارے 20 بہادر جوان پیچھے نہیں ہٹے۔ ہم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور دونوں جنگ جیتیں گے۔" میڈیا سے بات چیت کے دوران اروند کیجریوال نے کہا کہ "جتنے اب ہوم کوارنٹائن کے کیس ہوں گے، دہلی حکومت ہر ہوم آئسولیشن والے کیس کو ایک آکسی پلس میٹر دے گی۔ آپ اس پلس میٹر کو اپنے گھر پر رکھیے، ٹھیک ہونے کے بعد اسے حکومت کو واپس کر دیجیے۔"


دہلی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ "آج جہاں 6200 بیڈ بھرے ہوئے ہیں، وہیں 7000 بیڈ خالی ہیں۔ کچھ دن قبل بیڈ کے لیے تھوڑی مارا ماری ہوئی تھی، لیکن ہم نے جنگی سطح پر سبھی اسپتالوں سے بات کر کے بیڈ کا انتظام کیا۔ ہمیں مرکزی حکومت سے کافی تعاون مل رہا ہے، دہلی حکومت اور مرکزی حکومت مل کر دہلی میں کورونا پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔"


واضح رہے کہ ہندوستان کی راجدھانی دہلی میں کورونا انفیکشن کی حالت تشویشناک ہے۔ کورونا متاثرہ ریاستوں میں دہلی دوسرے مقام پر ہے۔ دہلی میں کورونا کے کل 59746 معاملے ہیں۔ اس میں 24558 کیس سرگرم ہیں جب کہ 33013 لوگوں کو اب تک علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دی جا چکی ہے۔ دہلی میں کورونا کی زد میں آ کر اب تک 2175 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جو کہ بے حد فکر انگیز ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔