دہلی اسمبلی انتخاب: راہل-پرینکا کے روڈ شو میں نظر آئی لوگوں کی زبردست بھیڑ، کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل
راہل گاندھی نے کالکاجی اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار الکا لامبا کی حمایت میں منعقد روڈ شو میں حصہ لیا اور عوام سے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔

راہل اور پرینکا نے کیا روڈ شو
دہلی میں آج انتخابی تشہیر ختم ہو گئی۔ لیکن اس سے قبل کانگریس کے سرکردہ لیڈران نے عوام کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے اپنا پورا زور لگا دیا۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے جہاں الکا لامبا کی حمایت میں روڈ شو کیا، وہیں وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے ابھشیک دتہ کے لیے روڈ شو کرنے کے ساتھ ساتھ جنگ پورہ میں ڈور ٹو ڈور مہم بھی چلائی اور کچھ ویڈیو پیغام جاری کر عوام سے کانگریس امیدواروں کی حمایت کرنے کی گزارش بھی کی۔
راہل گاندھی نے کالکاجی اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار الکا لامبا کی حمایت میں منعقد روڈ شو میں حصہ لیا اور عوام سے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ وہ گاڑی میں کھلی چھت پر سوار تھے اور ان کے ساتھ الکا لامبا بھی بیٹھی ہوئی تھیں۔ دونوں لوگوں کی جمع بھیڑ کا ہاتھ لہرا کر استقبال کرتے ہوئے اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دکھائی دیے۔
اسی طرح پرینکا گاندھی کستوربا نگر اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار ابھشیک دتہ کے ساتھ گاڑی کی چھت پر سوار نظر آئیں۔ وہ سڑک سے گزرتے ہوئے دونوں طرف موجود مکانات سے جھانکتی خواتین اور بچوں کا مسکرا کر استقبال کر رہی تھیں۔ انھوں نے کچھ مقامات پر رک کر کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل بھی عوام سے کی۔ کانگریس نے اس روڈ شو کی ویڈیو اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کی ہے اور لکھا ہے ’’دہلی کی محبت اور بھروسہ صرف کانگریس کے ساتھ ہے۔ ہم نے کیا تھا، پھر کر دکھائیں گے۔ دہلی کی خوشحالی واپس لے کر آئیں گے۔‘‘
پرینکا گاندھی نے کانگریس امیدواروں ارجن سنگھ بڈھانا اور یوگیندر سنگھ کی حمایت میں ویڈیو پیغام بھی جاری کیا ہے۔ انھوں نے ارجن بڈھانا سے متعلق ویڈیو پیغام میں عوام سے کہا ہے کہ ’’بدر پور اسمبلی حلقہ سے ہمارے امیدوار ارجن بڈھانا جی ہیں۔ نوجوان ہیں، آپ کے لیے محنت سے کام کریں گے، ایمانداری سے کام کریں گے۔ میں آپ سے اپیل کرتی ہوں کہ ان کا ہاتھ مضبوط کیجیے۔ بھاری سے بھاری ووٹوں سے اس بار کانگریس کو کامیاب بنائیں۔‘‘
ایک دیگر ویڈیو پیغام میں یوگیندر سنگھ کے لیے عوام سے اپیل کرتے ہوئے وہ کہتی ہیں کہ ’’یوگیندر سنگھ جی ہمارے تیمارپور (اسمبلی حلقہ) کے امیدوار ہیں۔ نوجوان ہیں، محنتی ہیں۔ یہ ایمانداری کے ساتھ آپ کے لیے کام کریں گے۔ ان کا ہاتھ مضبوط کیجیے۔ کانگریس کو اس انتخاب میں کامیاب بنائیے۔ میری آپ سے اپیل ہے کہ 5 فروری کو کثیر ووٹوں سے آپ یوگیندر سنگھ کو کامیاب بنائیں اور اپنے مستقبل کو روشن بنائیں۔‘‘
اس سے قبل پرینکا گاندھی نے سیماپوری سے کانگریس امیدوار راجیش للوٹھیا کی حمایت میں انتخابی جلسہ سے خطاب کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال پر خوب حملے کیے۔ پرینکا نے لوگوں سے سوال کیا کہ کیا آپ نے کبھی مودی کو اصل زندگی میں دیکھا ہے؟ اپنے والد کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی نے سیماپوری کا اس وقت دورہ کیا تھا جب وہاں ہیضہ پھیلا ہوا تھا۔ ایک پی ایم مودی ہے جنھوں نے آج تک سیماپوری کا دورہ نہیں کیا۔
سیماپوری کے مسلم اکثریتی علاقہ میں پرینکا گاندھی کی ریلی سے عوام بے حد خوش نظر آئے اور ان کی تقریر پر خوب تالیاں بھی بجائیں۔ پرینکا گاندھی نے دہلی کے موجودہ مسائل کے ساتھ ساتھ کیجریوال بریگیڈ کی بدعنوانی اور مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کا کھل کر تذکرہ کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس امیدوار راجیش للوٹھیا کو کثیر ووٹوں سے کامیاب بنائیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔